سندھ میں قوم پرستوں کی کوئی نہیں سنتا شرجیل میمن

بلدیاتی آرڈیننس دوہرا قانون ہے جس نے سندھ کو تقسیم کرنے کی بنیاد رکھ دی،امتیازشیخ

سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کیخلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں،پلیجو’’تکرار‘‘میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ قوم پرست جماعتوں کو سندھ کے عوام نے مستر د کر دیا ہے،ان کی بات کوئی نہیں سنتا،بلدیاتی نظام آئین کے عین مطابق ہے۔

سندھ میں امن و امان خراب کرنے کے لیے نواز شریف کی فنڈنگ ہو رہی ہے، میرے پاس ثبوت ہیں کہ نواز شریف کا پیسہ کس طرح استعمال ہو رہا ہے۔ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار کے میزبان عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل ممین کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم میں بلدیاتی نظام کو مضبوط کرنے کی بات کی گئی ہے۔ یہ دوہرا قانون نہیں ہے۔ خیرپور، میرپورخاص، سکھر، کراچی سمیت سب شہروں کے میئروں کے اختیارات ایک جیسے ہیں۔جس کو بلدیاتی نظام پر اعتراض ہے وہ ہم سے بات چیت کرے ہم ان کے اعتراضات دور کرنے کو تیار ہیں۔حیدر آباد میں تاریخی جلسہ کریں گے۔ جلسہ کو سبوتاژ کرنے کی وہ لوگ دھمکیاں دے رہے ہیں جو کسی یوسی کے ناظم نہیں بن سکتے۔


فنکشنل لیگ کے رہنما امتیاز شیخ نے کہا کہ بلدیاتی آرڈیننس نے سندھ کو تقسیم کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے یہ دوہرا قانون ہے۔ اور ہمارا اتحاد سے الگ ہونے کا فیصلہ اصولی تھا۔ اس میں میئر کو وہ اختیارات حاصل ہیں جو ایک وزیر اعلیٰ کو بھی حاصل نہیں ہیں۔عوامی تحریک کے رہنما ایاز پلیجو نے کہا کہ سندھ کو تقسیم کرنے والا نظام ہمیں قبول نہیں،یہ دوہرا قانون ہے۔ کراچی میں پانچ اضلاعہیں مگر وہاں صرف ایک میٹروپولیٹن بنے گی۔

جبکہ حیدرآباداور باقی سندھ میں ایک ضلع میں ایک میٹروپولیٹن ہو گی۔ سندھ کے وزیر اعلیٰ کو ہٹانے کے لیے سادہ اکثریت درکار ہے مگرایک میئر کو ہٹانے کے لیے دو تہائی اکثریت چاہیے۔ میئر کے خلاف اگر تحریک عدم اتحاد ناکام ہو تی ہے تو اس کا محرک اپنی نشست کھو دے گا۔اگر ہماری کوئی حیثیت نہیں ہے تو جب ایم آر ڈی کی کنوینر شب ہمارے پاس تھی تو اس وقت بے نظیر نے ہمارے ساتھ کیوں کام کیا۔گریٹر تھل کینال کے مسئلے پر قائم علی شاہ کیوں ہمارے ساتھ تھے۔ سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
Load Next Story