فیفا صدارت میراڈونا نے بھی امیدوار بننے کا فیصلہ کرلیا

بلاٹرکے بڑے ناقد سابق ارجنٹائنی اسٹار نے صحافی دوست کے ذریعے میڈیا کو مطلع کیا

بلاٹرکے بڑے ناقد سابق ارجنٹائنی اسٹار نے صحافی دوست کے ذریعے میڈیا کو مطلع کیا فوٹو فائل

ڈیگو میراڈونا نے فیفا صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا، وہ سیپ بلاٹر کی زیرصدارت فیفا کے سخت نقاد ہیں، فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کو ان دنوں امریکی اور سوئس حکام کی جانب سے کرپشن کی تحقیقات کا سامنا ہے، سابق برازیلین اسٹار زیکو اور لائبیرین فٹبال ایسوسی ایشن پریذیڈنٹ موسیٰ بلیٹی پہلے ہی صدارتی امیدوار بننے کا اعلان کرچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ارجنٹائن کے عظیم فٹبالر ڈیگو میراڈونا نے سیپ بلاٹر کی جگہ فیفا صدارتی امیدوار بننے کا فیصلہ کرلیا ہے، یوروگوئین صحافی اور مصنف وکٹر ہیوگو موریلس نے گذشتہ روز اس بارے میں میڈیا کو بتایا، موریلس کا کہنا ہے کہ میراڈونا نے مجھے یہ بات اتوار کو اس وقت بتائی جب میں نے سابق ارجنٹائنی کوچ کے بیمار والد کی حالت معلوم کرنے کیلیے انھیں ٹیلیفون کیا۔


موریلس نے ایک سماجی ویب سائٹ پر بتایاکہ میراڈونا نے مجھ سے کہاکہ وہ فیفا کی صدارت کے امیدوار ہونگے، انھوں نے مجھے اجازت دی کہ اس بارے میں عوام کو اطلاع کردوں۔ ایک اور پیغام میں موریلس نے کہاکہ جب میں نے میراڈونا سے ان کے فیفا کی صدارت کے امیدوار بننے کے بارے میں سوال کیا تو انھوں نے صرف یہ کہاکہ 'میں ایک امیدوار ہوں'۔ موریلس ارجنٹائن کے لیجنڈ فٹبالر میراڈونا کے ساتھ ایک ٹیلی ویژن شو کرتے ہیں، میراڈونا، سیپ بلاٹر کی زیرقیادت فیفا کے سخت نقاد ہیں جنھوں نے گذشتہ ماہ صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ وینزویلا کے صدر نکولس مدورو نے رواں ماہ کے اوائل میں تجویز پیش کی تھی کہ میراڈونا آئندہ فیفا پریذیڈنٹ بن سکتے ہیں۔

ایک اور امیدوار سابق برازیلین اسٹار زیکوکی صورت میں میراڈونا کو فیفا قوانین کے مطابق پانچ ممالک کی فیڈریشنز کی حمایت حاصل کرنے کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی۔ فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کو ان دنوں امریکن اورسوئس حکام کی جانب سے 2کثیرالقومی کرپشن تحقیقات کا سامنا ہے۔ لائبیرین فٹبال ایسوسی ایشن چیئرمین موسیٰ بلیٹی نے بھی صدارتی امیدوار ہونے کا اعلان کیا جس کا انتخاب رواں برس کے اواخر یا 2016 کے اوائل میں ہوگا۔
Load Next Story