کولمبو ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا نے ایک وکٹ پر70 رنز بنا لئے

پاکستان کی پوری ٹیم 138 رنزبنا کر پویلین لوٹ گئی، محمد حفیظ 42 اور اظہرعلی 24 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔

میزبان سری لنکا کے اوپننگ بلے باز ڈیمو کرارتنے 28 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ فوٹو:فائل

LONDON:
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے کولمبو ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کے جواب میں سری لنکا نے پہلے روز کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز بنالئے۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے پی سرا اوول گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا اور پوری ٹیم 138 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے عمدہ اور محتاط آغاز کیا تو 47 کے مجموعے پرڈیمو کرارتنے 28 رنز بناکر جنید خان کا شکار بن گئے جب کہ کمار سنگاکارا 18 اور کشال سلوا 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔


اس سے قبل پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کے دوران وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پہلی وکٹ 5 کے مجموعی اسکور پر گری جب احمد شہزاد ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، اظہرعلی بھی 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ یونس خان، مصباح الحق اور اسد شفیق بھی بالترتیب 6، 7 اور 2 رنز بنا سکے۔ محمد حفیظ سب سے زیادہ 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سرفراز احمد نے 14 اور یاسر شاہ نے 15 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے تھرینڈو کوشال نے 5 اور دھمیکا پراساد نے 3 جب کہ دشمانتھا چمیرا نے ایک وکٹ حاصل کی، ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔
Load Next Story