ظہیرعباس نے آئی سی سی کی صدارت سنبھال لی

پی سی بی نے نجم سیٹھی کی جانب سے نام واپس لیے جانے کے بعد ظہیر عباس کو آئی سی سی کی صدارت کے لیے نامزد کیا تھا۔

سابق پاکستانی کپتان ایک سال تک اس عہدے پر فائزرہیں گے۔ ۔فوٹو: فائل

سابق پاکستانی کپتان اور اسٹائلش بیٹسمین ظہیر عباس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے صدر کا عہدہ سنبھال لیا ہے جس کی باضابطہ منظوری بورڈ ممبران نے آئی سی سی کی سالا نہ تقریب میں دی۔

آئی سی سی کے جاری اعلامیئے کے مطابق باربرڈوس میں ہونے والے کرکٹ کی عالمی تنظیم کی سالانہ اجلاس کے دوران تمام ممبران نےسابق پاکستانی کپتان ظہیرعباس کی آئندہ ایک سال کے لئے آئی سی سی کے صدر کے طور پرباضابطہ منظوری دے دی جس کے بعد وہ ایک سال تک اس عہدے پر ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔


آئی سی سی کی صدارت سنبھالنے کے بعد ظہیرعباس کا کہنا تھا کہ یہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ مجھے عظیم کھیل کی گورننگ باڈی کا صدر نامزد کیا گیا ہے اور میں ان تمام افراد کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پراعتماد کرتے ہوئے میری حمایت کی اور خاص طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا جس نے مجھے اس عہدے کے لائق سمجھا۔ ظہیرعباس کا کہنا تھا کہ میری بھرپورکوشش ہوگی کہ آئی سی سی کے ممبرز کے کندھے سے کندھا ملاکر کرکٹ کی ترقی کے لئے کام کیا جائے۔ اس موقع پر آئی سی سی کے چیئرمین سری نواسن نے انہیں نامزدگی پر مبارکباد پیش کی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق سربراہ نجم سیٹھی کی جانب سے نام واپس لیے جانے کے بعد ظہیر عباس کو آئی سی سی کی صدارت کے لیے نامزد کیا تھا ۔

سابق پاکستانی کپتان ظہیرعباس نے 1969 سے 1985 تک 78 ٹیسٹ اور62 ایک روزہ میچز میں قومی ٹیم کی جانب سے نمائندگی کی جس کے دوران انہوں نے ٹیسٹ میچز میں 5 ہزار 62 اور ون ڈے میں 2 ہزار 572 رنز بنائے۔ ظہیرعباس اپنے کرکٹ کیرئیر میں 1975، 1979 اور 1983 کا ورلڈ کپ بھی کھیل چکے ہیں جب کہ انہوں نے 14 ٹیسٹ اور13 ایک روزہ میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض بھی سرانجام دیئے ہیں۔
Load Next Story