شمالی وزیرستان اور خیبرایجنسی میں فورسز کی فضائی کارروائی 24 دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کے خلاف فضائی کارروائی پاک افغان سرحد سےملحقہ علاقوں میں کی گئی،آئی ایس پی آر

خیبر ایجنسی میں گولہ بارود اور اسلحے کا ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا، آئی ایس پی آر فوٹو: فائل

سیكورٹی فورسز كا دہشت گردوں كے خلاف آپریشن ضرب عضب اور خیبرٹو كامیابی سے جاری ہے، خیبر ایجنسی اور شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد كے قریب سیكیورٹی فورسز نے جیٹ طیاروں سے بمباری كی جس كے نتیجے میں غیر ملكیوں سمیت 24 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ ''آئی ایس پی آر'' کے مطابق سیكیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی كےعلاقہ وادی تیراہ میں كارروائی كے دوران 14 دہشت گردوں كو ہلاک كر دیا جب كہ متعدد دہشت گرد كارروائی میں زخمی ہوگئے، سیکیورٹی فورسز نے خیبرایجنسی میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے اسلحے كے 4 بڑے ٹھكانوں کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گولہ بارود اور اسلحے کا ایک بڑا ذخیرہ تباہ ہوگیا۔



اُدھر شمالی وزیرستان میں بھی سیكورٹی فورسز نے فضائی كارروائی كی جس كے نتیجے میں 10 دہشت گرد مارے گئے جب كہ دہشت گردوں كے 3 ٹھكانے بھی تباہ كر دیئے گئے۔ شمالی وزیرستان كے علاقہ شوال میں سیكورٹی فورسز كی كارروائی میں مارے گئے دہشت گردوں میں غیر ملكی بھی شامل ہیں۔




تحصیل شوال میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق زیڈکے پوسٹ غلانئی پر شدت پسندوں نے راکٹ حملہ کیا جس سے اہلکار غلام مصطفیٰ شہید، عظیم ،عدنان اور سیف الدین زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا، رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ کا اجلاس جاری تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے فضائی کارروائی کی جس کے بعد زمینی کارروائی میں6 زخمی دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا۔



دوسری جانب خیبرایجنسی کے وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کے ایک بڑے گروہ کی نقل وحرکت کی خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے فضائی کارروائی کی، فضائی آپریشن کے بعد سیکیورٹی فورسز نے وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں زمینی کارروائی بھی شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ آپریشن ضرب عضب 15 جون 2014 کو شروع کیا گیا تھا جس میں اب تک غیر ملکیوں اور اہم کمانڈروں سمیت2 ہزار 800 سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے جب کہ ہزاروں کی تعداد میں گرفتار اور اسلحہ و گولہ بارودبھی برآمد کیا جا چکا ہے۔

https://www.dailymotion.com/video/x2vt3lw_khyber-23-killed_news
Load Next Story