ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت خارج

ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 جولائی تک توسیع

ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے کی سماعت بھی 6 جولائی تک ملتوی۔ فوٹو: ظفر اسلم / ایکسپریس

ہائی کورٹ نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان کی عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے موقع پر ایان علی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ایان علی کے بھائی نے پلاٹ خریدا تھا اور وہ اپنے بھائی کو پیسے دینے کے لئے لائی تھیں تاہم ان کے بھائی تاخیر کا شکار ہو گئے اور پولیس نے انھیں حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ اگر رقم اپنے بھائی کو دینی تھی تو ملزمہ نے رقم کو ڈالر میں تبدیل کیوں کروایا تھا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت خارج کردی ہے۔

قبل ازیں ماڈل ایان علی کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں پیش کیا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ میں ملزمہ کی درخواست ضمانت کی سماعت کی وجہ سے ایان علی کے وکیل پیش نہ ہو سکے جس پرعدالت کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت کے موقع پر ملزمہ پر فرد جرم عائد کی جائے گی لہذا ملزمہ کے وکلاء آئندہ سماعت کے موقع پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ کیس مزید التوا کا شکار نہ ہو۔ کسٹم حکام کی جانب سے ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے کی سماعت بھی عدالت نے 6 جولائی تک ملتوی کردی۔
Load Next Story