کرپشن کیسبلاٹر بے گناہی کی دہائی دینے لگے

کرپٹ نہیں ، انگلیاں اٹھانے والوں کو الزامات ثابت بھی کرنا ہوں گے، فیفا صدر

کرپٹ نہیں ، انگلیاں اٹھانے والوں کو الزامات ثابت بھی کرنا ہوں گے، فیفا صدر فوٹو : فائل

KARACHI:
سیپ بلاٹرکرپشن اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد اپنی بے گناہی کی دہائی دینے لگے، فیفا صدر نے کہا کہ میں کرپٹ نہیں ہوں، مجھ پر انگلیاں اٹھانے والوں کو الزامات ثابت بھی کرنا ہوں گے۔


تفصیلات کے مطابق عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی کو درپیش تحقیقات کے باوجود صدر فیفا سیپ بلاٹرکا اصرار ہے کہ وہ کرپشن کے مجرم نہیں ہیں۔ سوئس اورامریکن تحقیقات کے باوجود ایک جرمن میگزین کو انٹرویو میں بلاٹر نے انتہائی جذباتی انداز میں کسی بھی غلط کام سے انکارکیا،79سالہ فیفا چیف نے کہا کہ میں الزام لگانے والوں سے یہ کہوں گا کہ کیا تمھیں اس لفظ کے معنی معلوم ہیں جسے تم استعمال کررہے ہو؟ جو کوئی بھی مجھ پر کرپٹ ہونے کا الزام لگاتا ہے اسے سب سے پہلے اس کا ثبوت دینا ہوگا،کوئی بھی ایسا نہیں کرسکتا کیونکہ میں بدعنوان نہیں ہوں، بلاٹر نے 2 جون کو رواں ماہ دسمبر اور مارچ2016 کے درمیان ہونے والی غیر معمولی کانگریس میں صدارت سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا۔

فیصلہ فیفا کو درپیش اس بحران کے بعد کیا گیا جس میں 18 افراد کوامریکا میں فٹبال سے متعلق کرپشن الزامات پر حراست میں لیا گیا، اس میں لاکھوں ڈالرزبطوررشوت لینے کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس کے بعد سے بلاٹر کے قریبی ذرائع نے اطلاع دی کہ وہ کہتے ہیں ایشین اور افریقن فیڈریشنز کی سپورٹ کے بعد وہ اپنا استعفے کا فیصلہ واپس لینے پر غورکررہے ہیں۔ سوئس چیف کا کہنا ہے کہ بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کا جواب دینے کے لیے میرے پاس کوئی وقت نہیں ہے، میں صحیح اور تعمیری تنقید پسند کرتا ہوں، لیکن جب کوئی کہے کہ چونکہ فیفا کرپٹ ہے لہذا بلاٹربھی ایسا ہی ہوگا تب میں نفی میں سر ہی ہلا سکتا ہوں، جو کوئی بھی بغیر ثبوت کے اس طرح کی کوئی بات کرے اسے جیل میں ڈال دینا چاہیے۔
Load Next Story