اسٹارز سے عاری حریف ٹیم دیکھ کر مصباح کا چہرہ جگمگا اُٹھا

ہم فیصلے کے لیے پوری کوشش کریں گے مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کو پورے پانچ دن کا کھیل بھی میسر ہو، مصباح الحق

ہم فیصلے کے لیے پوری کوشش کریں گے مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کو پورے پانچ دن کا کھیل بھی میسر ہو، مصباح الحق ۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
اسٹارز سے عاری سری لنکن ٹیم دیکھ کر مصباح کا چہرہ جگمگا اٹھا، انھوں نے کہاکہ آئی لینڈرز کو ان کے ملک میں زیر کرنے کا اس سے بہتر موقع نہیں ملے گا، میچ کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے پانچوں دن کا کھیل مکمل ہونا ضروری ہے، پالے کیلی کی پچ ابتدائی 2 دن سیمرز کیلیے موزوں ہوگی، یاسر شاہ ہر وکٹ پر تباہی مچاسکتے ہیں۔ پاکستانی کپتان نے ان خیالات کا اظہار میڈیا سے بات چیت میں کیا۔

پاکستان سے تیسرے میچ میں سری لنکا کو سنگاکارا کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی،اس بارے میں مصباح الحق نے کہاکہ ہمارے پاس سری لنکا کو زیر کرنے کا نادر موقع ہے کیونکہ اسے مہیلا اور سنگاکارا جیسے بڑے پلیئرز کی خدمات حاصل نہیں ہیں، سیریز 1-1 سے برابر ہے، میں نہیں سمجھتا کہ ہمیں یہاں ٹرافی پانے کا اس سے بہتر موقع پھر کبھی مل پائے گا، ہم اس بار تاریخ رقم کرنے کیلیے بے چین اور ڈریسنگ روم میں بھی صرف یہی ایک مقصد پایا جاتا ہے۔ مصباح سمجھتے ہیں کہ نتیجے کیلیے موسم کا خوشگوار رہنا بھی ضروری ہے۔


انھوں نے کہا کہ ہم فیصلے کیلیے پوری کوشش کریں گے مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کو پورے پانچ دن کا کھیل بھی میسر ہو، گذشتہ دونوں میچز میں ہمارا کافی وقت ضائع ہوا، ہم امید کرتے ہیں کہ یہاں بغیر کسی مداخلت کے تمام پانچوں دن کھیلنے کو ملیں گے۔ بیٹنگ کے حوالے سے مصباح نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ کولمبو ٹیسٹ میں ہم بہتر نہیں کھیلے لیکن مجھے امید ہے کہ یہاں سب بیٹسمین اپنا پورا حصہ ڈالیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ پالے کیلی میں 2،3 دن سیمرز کو فائدہ پہنچے گا۔

مگر ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں یاسر شاہ جیسے لیگ اسپنر کی خدمات حاصل ہیں جو ہر قسم کی وکٹوں پر کارآمد ثابت ہوتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ وہ ہمارے لیے اس بار بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ مصباح الحق نے شان مسعود کے حوالے سے کہا کہ انھوں نے اے ٹیم کے ساتھ ٹور میں سری لنکا میں ایک بڑی سنچری بنائی تھی، مجھے امید ہے کہ موقع ملنے پر وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
Load Next Story