اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے دوران فوج تعینات کرنے کی تجویز پرغور

اگر فوج نے انتخابات کے دوران فرائض انجام دیئے تو ہمیں خوشی ہو گی، چیف الیکشن کمشنر

بلدیاتی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 6 جولائی سے شروع ہو گا، ترجمان الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

لاہور:
چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے دوران فوج تعینات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان الیکشن کمشین افتخار راجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں 27 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ چیف الیکشن کمیشن نے پولنگ کے روز لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کا یقین دلایا ہے۔


ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ جس طرح این اے 246 میں رینجرز نے خوش اصلوبی سے اپنے فرائض سرانجام دیئے، خواہش ہے کہ اسی طرح فوج اسلام آباد میں انجام دے، اگر فوج نے انتخابات کے دوران فرائض انجام دیئے تو ہمیں خوشی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 80 ہزار 455 ہے جب کہ 1027 نشستوں کے لئے 4 ہزار 132 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، بلدیاتی انتخابات میں 800 پولنگ اسٹیشنز اور3 ہزار 200 پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے جب کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 6 جولائی سے شروع ہو گا۔ انتخابات کے دوران 13 ہزار 600 افراد پر مشتمل عملہ تعینات ہو گا جب کہ سارا عملہ محکمہ تعلیم سے لیا جائے گا۔

ترجمان الیکشن کمشنر کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں چیرمین وائس چیرمین اور 6 کونسلرز ہوں گے، چیرمین اور وائس چیرمین کے لئے 547 امیدوار مد مقابل ہیں جب کہ ہر یونین کونسل سے 2 خواتین، ایک یوتھ اور ایک اقلیتی امیدوار منتخب ہو گا۔

https://www.dailymotion.com/video/x2wi7i7_election-comission_news
Load Next Story