آصف زرداری فوج كے خلاف بيان دے كر پھنس چكے ہيں عمران خان

بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے سابق سربراہ نے تردید نہیں کی کہ وہ ایم کیو ایم کو پیسے نہیں دیتے تھے، چیرمین تحریک انصاف

نتخابات میں منظم دھاندلی ہوئی جب کہ پنجاب میں ریٹرنگ افسران نے الیکشن کرایا،عمران خان فوٹو:فائل

تحریک انصاف كے چيرمين عمران خان نے كہا ہے كہ آصف زرداری فوج كے خلاف بيان دے كر پھنس چكے ہيں اور وہ خوف كی وجہ سے دبئی فرار ہوگئے ہيں، نواز شريف نے پہلے زرداری كو آگے كيا اور اب وہ خود سائيڈ لائن ہوگئے ہيں جب کہ 2013كے انتخابات شفاف نہيں تھے تاہم جوڈيشل كميشن انتخابی دھاندلی كے حوالے سے جو بھی فيصلہ دے گا ہم قبول كريں گے۔

كراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت كرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی كروڑ ووٹوں كا ریكارڈ نہیں ملا ہے، 35 پنكچر والی بات مرتضیٰ پویا نے كی تھی اور وہ آج بھی اپنی بات پر قائم ہیں، ہمارے وكیل نے جوڈیشل كمیشن كو بتایا كہ الیكشن 2013ء میں 35 نہیں بلكہ 70 پنكچر لگائے گئے۔ انہوں نے كہا كہ ملكی تاریخ میں پہلی مرتبہ الیكشن میں ہونے والی دھاندلی كی تحقیقات ہورہی ہے،جوڈیشل كمیشن كا فیصلہ حیران كن ہوگا، ہم پرامید ہیں كہ جوڈیشل كمیشن كا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا، ہم اپنی بات پر اب بھی قائم ہیں كہ پنجاب میں آر اوز كے ذریعے دھاندلی كی گئی،دودھ كا دودھ اور پانی كا پانی ہونے والا ہے۔



چیرمین تحریک انصاف نے كہا كہ كنپٹی پر بندوق ركھ كر جو پیسہ لیا جاتا ہے، اسے فنڈ ریزنگ نہیں بلكہ بھتہ خوری كہتے ہیں، كراچی میں بھتہ خوری كا خاتمہ ہونا چاہئے اور سندھ میں كرپشن كرنے والوں كا سخت احتساب ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے سابق سربراہ نے تردید نہیں کی کہ وہ ایم کیو ایم کو پیسے نہیں دیتے تھے اگر ایم کیو ایم میرے خلاف کیس کرسکتی ہے تو برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے خلاف بھی عدالت جائے۔





عمران خان کا سندھ کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے کہنا تھا کہ سندھ میں کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے گئے ہیں اس لئے صوبے میں افراتفری مچی ہوئی ہے جب کہ آصف زرداری نے وزیراعظم نواز شریف کی ایما پرفوج کے خلاف بیان دیا لیکن جب انہیں پیچھے ہٹتے دیکھا تو خوف کے مارے دبئی میں جاکر بیٹھ گئے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمیں 100 فیصد یقین ہے كہ نیا پاكستان بن كر رہے گا۔ انہوں نے كہا كہ كراچی میں بھی كینسر اسپتال كے لئے زمین خرید لی گئی ہے اور جلد كام كا آغاز كردیا جائے گا۔






دوسری جانب عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے الزامات اور عمران خان کا اصل چہرہ پوری دنیا نے دیکھ لیا تاہم اب بھی جھوٹا ثابت ہونے پرعمران خان کو شرم محسوس نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھاکہ کم از کم رمضان المبارک کے مہینے میں عمران خان کو جھوٹ سے پرہیز کرنا چاہئے جب کہ لوگ اب ان کو الزام خان کے نام سے جاننے لگے ہیں۔





ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بی بی سی کے خلاف عدالت جانا ہے یا نہیں یہ ایم کیوایم کا مسئلہ ہے، عمران خان اس فکر میں دبلے نہ ہوں بلکہ اپنی پارٹی کے اندرونی اختلافات پر توجہ دیں، پوری قوم جانتی ہے کہ الطاف حسین پر الزام لگانے والے عمران خان کس کی فنڈنگ پر سیاست کر رہے ہیں۔





تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا كہ تحريک انصاف كے سربراہ عمران خان دھرنے ميں ناكامی كے باعث بوكھلاہٹ كا شكار ہوگئے ہيں جب کہ عمران خان دھرنا لگا كر يہ سوچ رہے تھے كہ وہ پاكستان كے وزير اعظم بن جائيں گے اور منتخب حكومتوں كو گرانے ميں كامياب ہوجائيں گے جس میں عمران خان كو مكمل طور پر ناكامی ہوئی اور كوئی بھی سازش ان كی كام نہ آئی تو اب وہ ديگر سياسی جماعتوں كے خلاف گند اچھال رہے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان كسی بھی قسم كی غلط فہمی ميں نہ رہيں كہ آصف زرداری پاكستان واپس نہيں آئيں گے۔

https://www.dailymotion.com/video/x2wrgv8_imran-khan_news
Load Next Story