یونان کے عوام نے بیل آؤٹ پیکج مسترد کردیا

ریفرنڈم میں 61 فیصد عوام نے بیل آؤٹ پیکج کی سخت شرائط کے خلاف ووٹ دیا

یونان کے ریفرنڈم کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے یوروزون کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

یونان کی عوام نے یورپی یونین کی جانب سے بیل آؤٹ پیکج کی سخت شرائط کو مسترد کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز بیل آؤٹ پیکج کے لئے ہونے والے ریفرنڈم میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے جس کے مطابق 61 فیصد عوام نے یونان کے لئے بیل آؤٹ پیکج کی سخت شرائط کو مسترد کردیا ہے۔ ریفرنڈم کے نتائج سامنے آنے کے بعد عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور بیل آؤٹ پیکج کی سخت شرائط مسترد ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔


ریفرنڈم کے نتائج آنے کے بعد یونان کے وزیر خزانہ یانِس واروفاکِس نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم الیکسِس سِپراس کو پیش کردیا ہے۔ اُن کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یورو زون کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں کچھ وزراء کی جانب سے نا صرف انہیں نظرانداز کیا گیا بلکہ اُن کے ساتھ مناسب رویہ بھی اختیار نہ کیا گیا۔ یونانی وزیر خزانہ کے مطابق اب وزیر اعظم امورِ خزانہ کی ذمہ داریاں کسی اور کو سونپ سکیں گے تاکہ حتمی ڈیل طے ہوسکے۔

دوسری جانب جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فرانس کے صدر ہولاندے کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں یونان میں ریفرنڈم کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے یونان کے عوام کی جانب سے بیل آؤٹ پیکج کی شرائط کو مسترد کرنے کا احترام کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے یوروزون کا ہنگامی اجلاس منگل کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں ریفرنڈم کےبعد کی صورتحال پرغورکیاجائے گا۔
Load Next Story