ٹیسٹ کرکٹ تک محدود نہیں رہنا چاہتا شان مسعود

مستقبل میں بھی کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں،شان مسعود

مستقبل میں بھی کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں،شان مسعود۔ فوٹو: فائل

پالے کیلی ٹیسٹ میں فتح گر سنچری بنانے والے اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ میں خود کو ٹیسٹ کرکٹ تک محدود رکھنا نہیں چاہتا،ہر طرز میں ملک کی نمائندگی کا خواہاں ہوں،کوشش ہوگی کہ آنے والے مقابلوں میں بھی اچھی کارکردگی پیش کروں، ٹیسٹ میچ میں ٹیم مینجمنٹ کی حکمت عملی پر عمل کیا، وکٹ پر یونس خان نے حوصلہ افزائی کی۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد تجربہ کار یونس خان اور اوپنر شان مسعود کراچی واپس پہنچ گئے، شان مسعود نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں خود کو ٹیسٹ کرکٹ تک محدود رکھنے کے بجائے قومی ٹیم کیلیے ہر طرز کی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، مستقبل میں بھی کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں، پالے کیلی میں اپنی سنچری کی بابت انھوں نے کہا کہ وکٹ پر قیام کرتے ہوئے رنز بنانے کے لیے ٹیم مینجمنٹ کی حکمت عملی پر عمل کیا، یونس خان کی طرف سے ملنے والے اعتماد اور حوصلے کی بدولت اولین سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوا۔


شان مسعود نے کہا کہ میزبان ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں 377 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کسی دباؤ کا شکار نہ تھا، ٹیم مینجمنٹ نے مشورہ دیا کہ بیٹنگ لائن میں اگر 2 کھلاڑیوں نے سنچری اسکور کرلی تو فتح سے ہمکنار ہوا جاسکتا ہے، اسی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں گیا اور آہستہ آہستہ اسکور کرنے کی کوشش کی۔

انھوں نے کہا کہ ابتدائی نقصان کے بعد وکٹ پر آنے والے یونس خان نے ہمیشہ کی طرح میرا حوصلہ بڑھایا اور موقع کی مناسبت سے اسٹروکس کھیلنے کا مشورہ دیا، ہم دونوں نے سری لنکاکے اسپنرز کے خلاف جارحانہ انداز اختیار کرنے کی منصوبہ بندی اپنائی اور کامیابی بھی پائی، شان مسعود نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف 75 کی اننگز کھیلنے کے بعد میرے ذہن میں سنچری کا ہدف موجود تھا، اننگز میں بعض غلط شاٹس کھیلنے کا احساس ہے ، خاص طور پر وہ اسٹروک جس پر میں آؤٹ ہوا تھا۔
Load Next Story