آئی پی ایل کرپشن کیس چنئی اور راجستھان پر معطلی کی تلوار لٹکنے لگی

ممبئی کے بیٹسمین ہائیکن شاہ ساتھی کھلاڑی کو فکسنگ پر اکسانے کے جرم میں معطل

ممبئی کے بیٹسمین ہائیکن شاہ ساتھی کھلاڑی کو فکسنگ پر اکسانے کے جرم میں معطل۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
آئی پی ایل کرپشن کیس میں2سابق چیمپئنز اور اہم ترین ٹیموں چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلزپر معطلی کی تلوار لٹکنے لگی ہے، ان کی قسمت کا فیصلہ منگل کو ہوگا، ٹیموں کو معطلی بھاری جرمانے یا پھر دونوں کا ہی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

دوسری جانب بی سی سی آئی نے ممبئی کے بیٹسمین ہائیکن شاہ کو ساتھی کھلاڑی کو فکسنگ پر اکسانے کے جرم میں معطل کردیا گیا، ڈسپلنری کارروائی مکمل ہونے تک ڈومیسٹک کرکٹ کے دروازے بند رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلزکے آفیشلز میچز پر جوا کھیلنے میں ملوث پائے گئے،اس بارے میں بھارتی سپریم کورٹ کی مقرر کردہ کمیٹی اپنا فیصلہ منگل کو سنانے والی ہے، تین رکنی اس کمیٹی کے سربراہ سابق چیف جسٹس راجندرا مال لودھا ہیں، سپریم کورٹ نے آئی سی سی چیئرمین و چنئی کے مالک این سری نواسن کے داماد گروناتھ میاپن اور راجستھان رائلز کے شریک مالک راج کندرا کو جوئے میں ملوث قرار دینے کے بعد یہ کمیٹی قائم کی تھی۔


اسے آئی پی ایل کو کرپشن سے پاک کرنے کیلیے اہم فیصلے کا اختیارسونپا گیا تھا۔ سپر یم کورٹ اس دعوے کو بھی مسترد کرچکی کہ میاپن صرف شوقیہ طور پر چنئی کے ساتھ تھے، اس نے اپنے فیصلے میں واضح کیا تھا کہ وہ کرپشن کیس سامنے آنے تک اس ٹیم کے اہم آفیشل تھے۔

ماہرین کے مطابق دونوں ٹیموں کو معطل کیا جاسکتا ہے جس سے ٹورنامنٹ بھی متاثر ہوگا جو پہلے ہی صرف 8 ٹیموں پر مشتمل ہے، بعض افراد سمجھتے ہیں کہ جسٹس لودھا صرف بھاری جرمانہ عائد کریں گے تاکہ ٹورنامنٹ کی حیثیت پر اثر نہ پڑے۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے ممبئی کے بیٹسمین ہائیکن شاہ کو معطل کردیا، ان پر الزام ہے کہ آئی پی ایل میں راجستھان رائلز میں کھیلنے والے اپنے ممبئی کے ایک ساتھی کھلاڑی کو فکسنگ کیلیے رقم کی پیشکش کی تھی۔

اگرچہ مذکورہ پلیئر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا مگر میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ پراوین ٹامبے تھے، انھوں نے فوری طور پر اپنی ٹیم مینجمنٹ کو رپورٹ کی اور وہاں سے معاملہ بی سی سی آئی اینٹی کرپشن یونٹ کو بھیج دیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جب تک ہائیکن شاہ کے خلاف ڈسپلنری کارروائی شروع نہیں ہوتی وہ بی سی سی آئی کے زیر اہتمام کسی بھی قسم کی کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ واضح رہے کہ ہائیکن شاہ آئی پی ایل میں شامل نہیں مگر اس وقت لنکاشائر میں لیگ کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔
Load Next Story