سرکاری و اتحادی افواج نے عدن سے حوثیوں کا قبضہ چھڑا لیا 

عدن سے حوثیوں کی واپسی کے بعد مقامی افراد نے گھروں کو لوٹنا بھی شروع کردیا

حکومت عدن سمیت دیگر شہروں میں زندگی کی بحالی کی کوششیں کررہی ہے، یمنی نائب صدر، فوٹو:فائل

یمن میں سرکاری اور اتحادی افواج نے حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے انہیں علاقہ چھوڑنے پر مجبور کردیا ہے جب کہ ملک کے دوسرے بڑے شہر عدن پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کئی روز سے سرکاری و اتحادی افواج اور حوثیوں کے درمیان جاری شدید لڑائی کے بعد افواج نے حوثیوں کو شہر سے نکال کر اس پرکنٹرول حاصل کرلیا ہے اور عدن سے حوثیوں کی واپسی کے بعد مقامی افراد نے گھروں کو لوٹنا بھی شروع کردیا ہے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے یمن کے جلا وطن نائب صدر خالد بابا نے کہا کہ حکومت عید کے پہلے روزباغیوں سے عدن کی آزادی کا اعلان کرتی ہے، حکومت عدن سمیت دیگر شہروں میں زندگی کی بحالی کی کوششیں کررہی ہے تاہم شہری کلیئر کرائے گئے علاقوں میں واپس جاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات سرکاری افواج نے گولڈ ایرو کے نام سے باغیوں کے خلاف بھر پورآپریشن شروع کیا گیا تھا جس میں سب سے پہلے افواج نے عدن کے ایئر پورٹ پر کنٹرول حاصل کیا اور حوثیوں کے شہر سے نکلنے کے بعد تمام سرکاری عمارتوں پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔
Load Next Story