پہلا ٹی 20 زمبابوین ٹیم بھارتی حصار توڑنے میں ناکام

نویل میڈزیوا 14 اور پراسپراتسیا13 پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ اکشر پٹیل سب سے کامیاب بھارتی بولر ثابت ہوئے۔

نویل میڈزیوا 14 اور پراسپراتسیا13 پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ اکشر پٹیل سب سے کامیاب بھارتی بولر ثابت ہوئے۔ فوٹو : اے ایف پی

زمبابوین ٹیم بھارتی حصار توڑنے میں ناکام رہی، مہمان سائیڈ نے سیریز کا پہلا ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل54رنز سے جیت لیا، اوپنرز کی ففٹی شراکت کے بعد زمبابوے بھارتی بولرز کے سامنے سرنگوں ہوگیا۔


اکشر پٹیل نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تجربہ کار ہربھجن سنگھ کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، روبن اتھاپانے ون ڈے سیریز کی ناکامی کا ازالہ کرتے ہوئے 39 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔تفصیلات کے مطابق ہرارے اسٹیڈیم میں زمبابوین ٹیم7 وکٹ پر 124رنز بناسکی،اسے فتح کیلیے 179رنز کا ہدف ملا تھا،چھامو چھیبابا اور ہیملٹن مساکیڈزا کے درمیان پہلی وکٹ کیلیے 55رنز کی شراکت بنی، مگر اس کے بعد بھارتی بولرز نے میچ پر کنٹرول حاصل کرلیا، مساکیڈزا 28 اور چھیبابا23رنز بناکر نمایاں رہے، چارلس کووینٹری اور سکندر رضا نے یکساں طور پر 10،10رنز اپنے نام جوڑے، نویل میڈزیوا 14 اور پراسپراتسیا13 پر ناٹ آؤٹ رہے، اکشر پٹیل سب سے کامیاب بھارتی بولر ثابت ہوئے۔

انھوں نے 17رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، ہربھجن سنگھ نے 29رنز کے بدلے 2 وکٹوں کا سودا کیا، اس سے قبل ٹاس جیتنے والی بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر 178رنز اسکور بورڈ پر جوڑے، مرلی وجے (34) اور کپتان اجنکیا راہنے (33) نے ابتدائی 7 اوورز میں 64رنز کا آغاز فراہم کیا،اس کے بعد اوتھاپا نے 35 گیندوں پر 39رنز ناٹ آؤٹ بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنایا،وہ اس سے قبل ون ڈے سیریز میں خاص پرفارم کرنے میں ناکام رہے تھے اور تین اننگز میں مجموعی طور پر44 رنزبنائے، فاسٹ بولر کرس ایم پوفو نے 33رنز دے کر3 وکٹیں اپنے نام کیں۔
Load Next Story