بلاٹر کے جا نشین کا فیصلہ آئندہ برس26فروری کو ہوگا

بلاٹر کی حامی عیسی حیاتو کی افریقن فٹبال کنفیڈریشن اور اوشیانا کنفیڈریشن نے پلاٹینی کی حمایت کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

60 سالہ سابق فرنچ فٹبالر پلاٹینی اس دوڑ میں شامل ہونے کے قریب ہیں انھیں چھ میں سے چار ریجنل کنفیڈریشنز نے زبانی حمایت کا یقین دلایا ہے، ذرائع فوٹو : فائل

KARACHI:
سیپ بلاٹر کے جانشین کا انتخاب کرنے کیلیے فیفا کانگریس کاغیرمعمولی اجلاس آئندہ برس 26 فروری کو ہوگا، کرپشن اسکینڈل سے داغدار ورلڈ گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ یوئیفا چیف مائیکل پلاٹینی فیفا صدارتی مہم کیلیے اپنی الیکشن مہم شروع کرنے کے قریب ہیں۔

امیدوار رواں برس 26 اکتوبر تک نامزدگی حاصل کرسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کو ہونیو الی فیفا ایگزیکٹیو میٹنگ میں سیپ بلاٹر کے جانشین کا انتخاب کرنے کیلیے فیفا کی کانگریس کا اجلاس آئندہ برس 26 فروری کو زیورخ میں ہوگا، اس بات کا اعلان فیفا ایگزیکٹیو کمیٹی اجلاس کے بعد کردیاگیا،بلاٹر نے رواں برس پانچویں مرتبہ فیفا صدر منتخب ہوجان کے چار دن بعد 2 جون کو کرپشن اسکینڈل کی گونج میں اپنے عہدے سے الگ ہونے کا اعلان کردیا تھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ نئے سربراہ کے انتخاب تک دفتری امور انجام دیتے رہیں گے۔

حالیہ فیصلے کو بلاٹر کی کامیابی قرار دیا جارہا ہے، جو ووٹنگ کو آئندہ برس تک ٹالنا چاہتے تھے، یوئیفا اور دیگر علاقائی باڈیز نے فیفا الیکشن دسمبر میں منعقد کرانے کی آواز بلند کی تھی، اس کے علاوہ پیر کو اجلاس میں فیفا ایگزیکٹیو کمیٹی نے ورلڈ گورننگ باڈی میں اصلاحات جاری رکھنے پر بھی زور دیا، گذشتہ دنوں کرپشن اسکینڈل میں گرفتار ہونے والے فیفا کے نائب صدر جیفری ویب نیویارک کی عدالت میں پیش ہوگئے، جنھیں گذشتہ ہفتے سوئس حکام نے امریکا کے حوالے کیا تھا، تاہم انھوں نے عدالت میں رشوت لینے کے تمام الزامات کو ماننے سے انکار کیا ہے، عدالت نے انھیں 10 ملین ڈالر کی ضمانت پر رہائی دے دی ہے۔


فیفا صدارت کیلیے امیدوار رواں برس 26 اکتوبر تک اپنے نام پیش کرسکیں گے، ابھی تک سابق برازیلین فٹبالر زیکو نے باضابطہ طور پر صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے تاہم یوئیفا چیف مائیکل پلاٹینی بھی غوروخوض کررہے ہیں، تاہم آئندہ دو ہفتے میں ان کی صدارتی امیدوار بننے کا فیصلہ متوقع ہے، ذرائع کے مطابق 60 سالہ سابق فرنچ فٹبالر پلاٹینی اس دوڑ میں شامل ہونے کے قریب ہیں انھیں چھ میں سے چار ریجنل کنفیڈریشنز نے زبانی حمایت کا یقین دلایا ہے، بلاٹر کی حامی عیسی حیاتو کی افریقن فٹبال کنفیڈریشن اور اوشیانا کنفیڈریشن نے پلاٹینی کی حمایت کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ پلاٹینی نے کرپشن اسکینڈل کے بعد فیفا میں اصلاحات پر زور دیا تھا، ذرائع کے مطابق پلاٹینی سنجیدگی سے فیفا صدارتی الیکشن میں حصہ لینے پر غور کررہے ہیں، وہ آئندہ دو ہفتوں میں اس بابت کوئی فیصلہ کرلیں گے، پلاٹینی نے رواں برس ہونے والے انتخابات میں اردن سے تعلق رکھنے والے پرنس علی بن الحسین بلاٹر کے مقابل آئے تھے، فروری کو شیڈول الیکشن بھی پرنس دوبارہ میدان میں اترسکتے ہیں،فیفا کے سابق ممبر جنوبی کوریا کے چونگ مونگ جون بھی اس ریس میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ارجنٹائن کے ڈیگو میراڈونا بھی فیفا صدر بننے میں دلچسپی کا اظہار کرچکے ہیں، ذرائع کے مطابق پلاٹینی فیفا صدارتی امیدوار بننے سے قبل ہفتے کو روسی شہر پیٹسبرگ میں شیڈول ورلڈ کپ ڈرا کی تقریب میں اپنی حمایت کا لیول جانچنے کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔
Load Next Story