سندھ کابینہ میں ردوبدل نتائج بھی نظر آئیں

ہمارے ملک کا المیہ ہی یہ ہے کہ یہاں وزارتوں کی تقسیم کے پیچھے اہلیت کو نہیں وفاداری کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

امید کی جانی چاہیے کہ حالیہ تبدیلیوں کے بعد بہتر اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ فوٹو : فائل

LONDON:
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنی کابینہ کے اہم ترین وزرا کے قلمدان تبدیل کردیے ہیں۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو سے تعلیم کا قلمدان واپس لے کر انھیں محکمہ اطلاعات اور آبپاشی کے قلمدان دیے گئے ہیں۔


صوبائی وزیر شرجیل میمن سے محکمہ اطلاعات کا قلمدان لے کر انھیں محکمہ ورکس اینڈ سروسز کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے، ان کے پاس محکمہ بلدیات اور محکمہ آرکائیوز کے قلمدان بدستور موجود رہیں گے۔ سندھ کابینہ کے ایک اور اہم رکن میر ہزار خان بجارانی سے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کا قلمدان لے کر انھیں محکمہ تعلیم کا قلمدان دیا گیا ہے جب کہ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ کو پبلک انجینئرنگ اور دیہی ترقی کے محکموں کے قلمدان بھی دیے گئے ہیں، ان کے پاس انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان پہلے ہی ہے، صوبائی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکند میندھرو کو محکمہ امداد باہمی کا قلمدان دیا گیا ہے، پہلے سے موجود ساحلی ترقی اور ماحولیات کے قلمدان ان ہی کے پاس رہیں گے۔

کابینہ میں کچھ نئے لوگوں کو بھی شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ تبدیلی کے پیچھے اگر نیک خواہشات ہوں تو ان کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے ، نیز اس تبدیلی کے مثبت نتائج بھی نظر آنے چاہئیں۔ ہمارے ملک کا المیہ ہی یہ ہے کہ یہاں وزارتوں کی تقسیم کے پیچھے اہلیت کو نہیں وفاداری کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ بہرحال سندھ حکومت کے کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ ظاہر کرتاہے کہ حکومت کو اس امر کا احساس ہے کہ عوام سندھ حکومت کی کارکردگی سے خوش نہیں۔امید کی جانی چاہیے کہ حالیہ تبدیلیوں کے بعد بہتر اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
Load Next Story