سپریم کورٹ قائد حزب اختلاف کو نااہل قرار دے شہباز شریف

جان کو خطرے کے باوجود دوسرے ملک کی شہریت قبول نہیں کی، راجا ریاض پر جرمانہ عائد کیا جائے.

جان کو خطرے کے باوجود دوسرے ملک کی شہریت قبول نہیں کی، راجا ریاض پر جرمانہ عائد کیا جائے۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دہری شہریت کے الزام کے بارے جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے۔


جس میں انھوں نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض کو دہری شہریت کا غلط الزام لگانے پر نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے جواب میں انھوں نے مؤقف اپنایا ہے راجا ریاض جھوٹا بیان دینے کی وجہ سے صادق اور امین نہیں رہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ وہ پیدائشی پاکستانی ہیں اور کبھی بھی کسی غیر ملک کی شہریت کیلیے درخواست تک نہیں دی، یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ 2002میں جب انھیں زبردستی سعودی عرب بھیجا گیا تو وہاں کے ڈاکٹروں نے تشخیص کیا کہ انھیں کینسر ہے جو جان لیوا ہو سکتا ہے اس لیے انھیں مزید علاج کیلیے امریکا جانا چاہیے۔

اس وقت ان کا پاکستانی پاسپورٹ زائد المعیاد ہو چکا تھا اور اس وقت کی حکومت نے تجدید سے انکار کر دیا تھا اس موقع پر انھیں غیر ملک کے پاسپورٹ پر امریکا جانے کی پیشکش ہوئی لیکن انھوں نے اس وقت بھی یہ پیشکش ٹھکرا دی ۔ جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حالیہ احکام کی روشنی میں انھوں نے دہری شہریت سے متعلق حلف نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا ہے۔ شہباز شریف نے الیکشن کمیشن کی طرف سے کسی لیٹر کی تردید کی ہے اور راجا ریاض کے دعوے کوغلط قرار دیا ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ راجا ریاض کا بیان اس پروپیگنڈہ مہم کا حصہ ہے جو ان کی ذات اور ان کی حکومت کیخلاف کیا جارہا ہے۔ جواب میں انھوں نے کہا کہ راجا ریاض نے ان پر جھوٹا اور من گھڑت الزام لگایا ہے۔
Load Next Story