سلمان خان کی ممبئی حملوں کے الزام میں یعقوب میمن کو پھانسی نہ دینے کی اپیل

ایک بے قصور کو پھانسی دیا جانا پوری انسانیت کا قتل ہے، سلمان خان

سلمان خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں مفرور ملزم یعقوب میمن کے بھائی ٹائیگر میمن کو سامنے آنے کے لیے کہا۔ فوٹو فائل

بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے ممبئی حملوں میں مجرم قرار دیئے جانے والے یعقوب میمن کی پھانسی روکنے کی اپیل کر دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے ٹویٹرپر1993 میں ممبئی میں ہونے والے سلسلہ واردھماکوں کے الزام میں یعقوب میمن کی پھانسی روکنے کی اپیل کی ہے جن کو 30 جولائی کو پھانسی دی جانی ہے تاہم ملزم کا بھائی ٹائیگر میمن بھی مفرور ہے۔




سلمان خان نے اپنے بیان میں مفرور ملزم یعقوب میمن کے بھائی ٹائیگر میمن کو سامنے آنے کے لیے کہا تھا اور پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے بھی درخواست کی کہ اگر ٹائیگر ان کے ملک میں ہو تو بتا دیں۔ سلمان خان نے کہا کہ ایک بے قصور کو پھانسی دیا جانا پوری انسانیت کا قتل ہے تاہم شوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد سلمان خان نے اپنے والد سلیم خان کے کہنے پر اپنے ٹویٹر پیغامات کو ہٹا دیا۔ جس کے بعد انہوں نے اپنے ایک اور بیان میں کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ یعقوب میمن بے گناہ ہیں یا نہیں لیکن وہ ججز کے فیصلے سے بھی متفق ہیں۔



واضح رہے کہ یعقوب میمن کو 2007 میں بھارت کی ایک خصوصی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی تھی جسے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے برقرار رکھا ہے تاہم صدر جمہوریہ نے بھی یعقوب میمن کی رحم کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

 

Load Next Story