ایجوکیشن اینڈ کیرئیر ایکسپو کا شاندار اختتام

ایکسپو میں ساٹھ سے زائد تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کی طرف سے اسٹال لگائے تھے جن پر زبردست رش لگا رہا۔

ایکسپو میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے علاوہ بعض غیر ملکی یونیورسٹیوں کے نمایندوں نے بھی شرکت کی۔ فوٹو : وسیم نیاز

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام دو روزہ ''ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو 2015ء'' لاہور کے ایک ہوٹل لاہور میں شاندار انداز میں اختتام پذیر ہو گئی۔

اس ایکسپو میں ساٹھ سے زائد تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کی طرف سے اسٹال لگائے تھے جن پر زبردست رش لگا رہا۔ ایکسپو کا افتتاح بدھ کو گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کیا۔ انھوں نے ایجوکیشن اینڈ کیئرئیر ایکسپو کے اہتمام پر ایکسپریس میڈیا گروپ کو خراج تحسین پیش کیا۔ نمائش میں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی مجموعی طور پر اول اور پنجاب یونیورسٹی دوسرے اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد تیسرے نمبر پر رہیں۔


''ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو 2015ء'' میں طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور تعلیم و تحقیق سمیت دیگر شعبہ جات سے وابستہ افراد نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ طلبہ نے مطلوبہ تعلیم اور کیریئرکونسلنگ کے سلسلے میں مفید معلومات اور رہنمائی حاصل کی۔ ایکسپو میں مختلف اداروں کی طرف سے میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے تھے جن میں شرکا نے بلڈپریشر، شوگر ٹیسٹ اور آنکھوں کا مفت معائنہ کرایا۔

اس موقع پر طلبہ کا کہنا تھا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کا تعلیم کے شعبے میں یہ بہت بڑا کارنامہ ہے جہاں سے لوگوں کو بڑی مفید معلومات ملیں۔ ایکسپو میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے علاوہ بعض غیر ملکی یونیورسٹیوں کے نمایندوں نے بھی شرکت کی۔

طلبا طالبات نے دونوں روز پینٹنگز بنانے کے مقابلوں میں بھی حصہ لیا جب کہ ایکسپو کے آخری روز فنون لطیفہ کے شعبوں رقص، فیشن، شارٹ فلمز، سیلفی، فوٹوگرافی اور آئی بی آئی کے مقابلے بھی ہوئے۔ ان رنگ برنگے مقابلوں کو دیکھنے والوں کی کثیر تعداد ہال میں موجود تھی۔ ایکسپو میں حصول علم کے شوقین نوجوانوں کو بڑی سہولت مہیا کی گئی جو ایک لحاظ سے قومی سطح پر بھی بڑی خدمت ہے۔ اس ایکسپو میں اسکائی لائن یونیورسٹی شارجہ کی شرکت کو بطور خاص سراہا گیا۔
Load Next Story