ٹیسٹ سیریز آسٹریلیا 9 برس بعد بنگلہ دیش کا مہمان بنے گا

کینگروز رواں برس 28 ستمبر کو ڈھاکا پہنچیں گے جہاں پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ اور دوسرا ڈھاکا میں ہوگا

کینگروز رواں برس 28 ستمبر کو ڈھاکا پہنچیں گے جہاں پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ اور دوسرا ڈھاکا میں ہوگا فوٹو: اے ایف پی/فائل

آسٹریلوی ٹیم اکتوبر میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلیے بنگلہ دیش کی مہمان بنے گی۔


کینگروز نے اس سے قبل بنگلہ دیش کا اولین ٹیسٹ ٹور 2006 میں کیا تھا، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ہوم سیریز کی تاریخوں کا اعلان اتوار کو کردیا، کینگروز 28 ستمبر کو ڈھاکا پہنچیں گے، اس کے بعد 3 سے 6 اکتوبر تک فتح اللہ پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ الیون سے سہ روزہ وارم اپ میچ شیڈول کیاگیا ہے، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 اکتوبر تک چٹاگانگ میں منعقد ہوگا جبکہ دونوں ممالک میں طویل دورانیے کا دوسرا میچ ڈھاکا میں 17 سے 21 اکتوبر تک طے کیاگیا ہے، 9 برس قبل ہونیوالے دورے میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو سیریز میں 2-0 سے مات دی تھی۔

آسٹریلیا رواں برس بنگلہ دیش کی مہمان بننے والی چوتھی بڑی ٹیم ہوگی، اس سے پہلے پاکستان، بھارت اور اب جنوبی افریقہ بنگلہ دیش میں ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں، ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا اگرچہ 2011 میں بھی بنگلہ دیش آچکا ہے لیکن اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گئے تھے،یاد رہے کہ بنگلہ دیش بھی دو بار آسٹریلیا کے دورے پر جاچکا ہے، 2003 میں انھوں نے 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے تھے جبکہ 2008 کے دورے میں بنگال ٹائیگرز نے آسٹریلوی سرزمین پر تین ون ڈے میچز کھیلے تھے۔
Load Next Story