عالمی بینک چھوٹے ڈیمز کی تعمیر میں مددکرے شہبازشریف

معدنی وسائل سے استفادے کیلیے بھی تعاون درکار، 20 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بناناچاہتے ہیں

وزیراعلیٰ نے داسو ڈیم کے حوالے سے عالمی بینک کی مالی معاونت کی فراہمی پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ فوٹو : این این آئی

NEW YORK:
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے عالمی بینک گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف آپریٹنگ آفیسر سری ملیانی اندرا وتی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔

عالمی بینک کی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا ریجن انیٹے ڈیکسن بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، تعلیم، صحت،توانائی، معیاری ہنر مند افرادی قوت ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر شعبوںمیں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر سری ملیانی اندرا وتی نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی متحرک اور فعال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وز یراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ایک ویژنری لیڈر ہیں اور انہوں نے پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے شاندار اقدامات کیے ہیں۔

شہبازشریف انتھک محنت اور عزم کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ پنجاب میں گڈ گورننس کے فروغ اور فلاح عامہ کی لیے اقدامات کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ عالمی بینک پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ تعاون مزید بڑھائے گا اور پنجاب میں 2017-18 تک 20 لاکھ نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے معیاری ہنر مندافرادی قوت کی تیاری میں ہر ممکن تعاون کا سنجیدگی سے جائزہ لے گا۔


وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے عالمی بینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت، معیاری ہنر مند افرادی قوت کی تیاری ا ور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلیے عالمی بینک کے تعاون سے کامیابی سے پروگرام چل رہے ہیں اور اس ضمن میں عالمی بینک کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت ووکیشنل و ٹیکنیکل ٹریننگ کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ د ے رہی ہے۔

2017-18تک صوبے کے20لاکھ نوجوانوں کو ٹیکنیکل و ووکیشنل تربیت فراہم کر کے معیاری ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کا ہدف مقرر کیا گیاہے اور اس ضمن میں عالمی بینک کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے رجوعہ چنیوٹ کے معدنی ذخائر کے حوالے سے عالمی بینک کے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے سے خام لوہے اور تانبے کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں اور رواں برس کے اختتام تک اس ضمن میں بزنس ماڈل تیار کر لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی بینک پنجاب میں زیر زمین چھپے ہوئے معدنی ذخائر کا درست اندازہ لگانے کیلیے سروے کے حوالے سے معاونت فراہم کر سکتا ہے جبکہ پنجاب میں اسمال ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے عالمی بینک معاونت فراہم کر سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے داسو ڈیم کے حوالے سے عالمی بینک کی مالی معاونت کی فراہمی پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے بھی عالمی بینک کے وفد کو آگاہ کیا۔ عالمی بینک گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف آپریٹنگ آفیسر سری ملیانی اندرا وتی نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ عالمی بینک صوبہ پنجاب میں 2017-18 تک 20 لاکھ نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلیے معیاری ہنر مندافرادی قوت کی تیاری میں ہر ممکن تعاون کا سنجیدگی سے جائزہ لے گا۔عالمی بینک کی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا ریجن انیٹے ڈیکسن، پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر محمود کھوسہ اور دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Load Next Story