’’ورلڈ الیون‘‘کا نام استعمال کرنے پر آئی سی سی کو اعتراض

پی سی بی کی ہدایت پرمنتظمین نے مہمان ٹیم کو انٹرنیشنل ورلڈ الیون قرار دے دیا۔

پی سی بی کی ہدایت پرمنتظمین نے مہمان ٹیم کو انٹرنیشنل ورلڈ الیون قرار دے دیا۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی نے پاکستان کومہمان ٹیم کیلیے ''ورلڈ الیون'' کا نام استعمال کرنے سے روک دیا، پی سی بی کی ہدایت پر منتظمین نے اسے اب انٹرنیشنل ورلڈ الیون قرار دے دیا ہے۔


ہفتے اور اتوار کو شیڈول میچز میں شرکت کیلیے کھلاڑیوں کی کراچی آمد کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ کی کوششوں سے 3 برس بعد پاکستان میں غیرملکی کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے، دو ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے ایک ٹیم کو ورلڈ الیون کا نام دیا گیا تھا جو پاکستان آل اسٹار سے مقابلہ کرے گی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اول الذکر نام پسند نہ آیا اور اس نے پی سی بی کو خط لکھ کر اعتراض جڑ دیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ ورلڈ یا ورلڈالیون پر آئی سی سی کا کاپی رائٹ ہے، نمائشی میچز کیلیے اس کے استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے منتظمین کو اس حوالے سے جب آگاہ کیا تو انھوں نے ورلڈالیون کا نام تبدیل کر کے انٹرنیشنل ورلڈ الیون رکھ لیا، صوبائی وزیر کھیل نے اس ضمن میں نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نام سے کوئی فرق نہیں پڑتا مہمان ٹیم میں وہی پلیئرز شامل ہوں گے جن کا اعلان کیا جا چکا،انھوں نے کہا کہ کونسل کا اعتراض حیران کن لگا کیونکہ خود اس کی ویب سائٹ پر یہ خبر موجود ہے کہ ورلڈالیون رواں ہفتے پاکستان میں دو میچز کھیلے گی،خیر ہم نے ٹیم کا نام بدل دیا اور یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں تھا۔ یاد رہے مہمان سائیڈ کی قیادت سابق سری لنکن اسٹار سنتھ جے سوریا کے سپرد ہے، پلیئرز کی کراچی آمد کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہو گا، جمعے کو میڈیا سے بات چیت کا سیشن رکھا گیا ہے۔
Load Next Story