نامناسب سیکیورٹی ڈومیسٹک میچ میں ناراض شائقین نے پلیئرز کی ناک میں دم کردیا

شائقین آوازیں کسنے کے ساتھ تنگ کرنے کیلیے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں۔

شائقین آوازیں کسنے کے ساتھ تنگ کرنے کیلیے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کی پریذیڈنٹ کپ میں بہترین انتظامات کے دعوئوں کی قلعی کھل گئی،کھلاڑیوں کو کئی حوالوں سے مسائل کا سامنا ہے۔


سوئی گیس اور نیشنل بینک کی ٹیمیں ان دنوں جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں مدمقابل ہیں، میچ میں قومی کپتانوں سمیت موجودہ اسکواڈز کے 13 کھلاڑی شریک ہیں تاہم سیکیورٹی انتظامات نہیں کیے گئے، ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد ناراض شائقین نے کرکٹرز کی ناک میں دم کر رکھا ہے، وہ آوازیں کسنے کے ساتھ تنگ کرنے کیلیے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں۔ اسٹیڈیم میں مناسب ڈریسنگ روم موجود نہ ہی کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیلیے جم کی سہولت میسر ہے۔

یہی مسائل ملک بھر میں جاری متعددمیچز میں دیگر ٹیموں کو بھی درپیش ہیں۔ پی سی بی نے بچت پالیسی اپناتے ہوئے اس ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں گریس کی گیند کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ عالمی سطح پر کوکا بورا گیند استعمال ہوتی ہے، ڈومیسٹک کرکٹرز جب انٹرنیشنل سطح پر کھیلتے ہیں تو وہ صحیح انداز میں اس گیند کا سامنا نہیں کرپاتے جس کا خمیازہ ٹیم کو بھگتنا پڑتا ہے۔
Load Next Story