آسٹریلیا رسوائی کی گہری کھائی کے دہانے پر پہنچ گیا

27گیندوں کے مختصر سفر میں 4وکٹیں گرنے کے بعد مائیکل کلارک کی مزاحمت صرف 13رنز پر دم توڑ گئی

27گیندوں کے مختصر سفر میں 4وکٹیں گرنے کے بعد مائیکل کلارک کی مزاحمت صرف 13رنز پر دم توڑ گئی۔ فوٹو : اے ایف پی

ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں آسٹریلیا رسوائی کی گہری کھائی کے دہانے پر پہنچ گیا، انگلینڈ کو میچ اور ایشز سیریز میں فتح کے لیے تیسرے روز مزید تین وکٹیں درکار ہوں گی، گذشتہ روز 113کا آغاز ملنے کے باوجود دوسری اننگز میں کینگروز نے241رنز پر7وکٹیں گنوا دیں، 90رنز کا خسارہ باقی ہے، بین اسٹوکس نے 5پلیئرز کو ٹھکانے لگایا، قبل ازیں میزبان نے اپنی اننگز 9وکٹ پر 391 رنز بناکر ڈیکلیئرڈ کردی۔

تفصیلات کے مطابق331 رنز کے خسارے میں جانے والے کینگروز نے دوسری اننگز کا بہتر آغاز کیا، مگر اس میں فیلڈرز کی مہربانی بھی شامل تھی، ڈیوڈ وارنر کا10 پر سلپ میں الیسٹر کک نے کیچ ڈراپ کردیا، مایوس بولر اسٹورٹ براڈ تھے، اوپنر کو 42 پر پھر ایک چانس ملا،اس بار ای ین بیل گیند کو قابو نہ کر سکے، بدقسمت بولر بین اسٹوکس تھے۔

مارک ووڈ نے کرس روجرز کو 47 رنز پر جوئے روٹ کا کیچ بنوایا لیکن تھرڈ امپائر سے چیک کرانے پر یہ نوبال ثابت ہوئی،52 رنز پر اسٹوکس نے انھیں پویلین چلتا کیا، کیچ روٹ نے تھاما۔ پہلی وکٹ 113 رنز پر گرنے کے بعد پیسر نے ڈیوڈ وارنر(64) کا بھی شکار کرلیا،مڈآن پر اسٹورٹ براڈ نے کیچ لیا،شان مارش صرف 2رنز کے مہمان ثابت ہوئے،بین اسٹوکس نے تیسری سلپ میں موجود جوئے روٹ سے معاونت حاصل کی، اگلے ہی اوور میں اسٹیون اسمتھ(5) کو براڈ نے اسٹوکس کی مدد چلتا کردیا۔


27گیندوں کے مختصر سفر میں 4وکٹیں گرنے کے بعد مائیکل کلارک کی مزاحمت صرف 13رنز پر دم توڑ گئی،سلپ میں کپتان الیسٹر کک کے ہاتھوں سے پھسلنے والی گیند ای این بیل نے اچک لی، کامیاب بولر مارک ووڈ تھے،نوبال نے اسٹیون فن کو پیٹر نیول کی وکٹ سے محروم رکھا تاہم بین اسٹوکس نے انھیں 17 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا، مچل جونسن(5)رنز پر بین اسٹوکس اور الیسٹر کک کے گٹھ جوڑ کا شکار بنے،کھیل ختم ہونے تک کینگروز نے 7وکٹ پر 241 رنز بنائے تھے۔

اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 90رنز درکار ہیں،یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم پہلی باری میں 60 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ اس سے قبل انگلینڈ نے 4وکٹ پر 274 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی، جوئے روٹ اپنے گذشتہ روز کے اسکور 124میں صرف 6کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے۔

پیسر نے نائٹ واچ مین مارک وڈ (28) کے بعد جوز بٹلر(12) کو بھی بولڈ کردیا، بین اسٹوکس 5 رنز بنانے کے بعدجوش ہیزل وڈ کا شکار بنے، اسٹورٹ براڈ اور معین علی نے نویں وکٹ کے لیے برق رفتار 58 کی شراکت بنائی، باریش بیٹسمین نے 38 رنز اسکور کیے، انگلینڈ نے 391 پر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، اسٹورٹ براڈ 24 پر ناٹ آؤٹ رہے، مچل اسٹارک نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 111رنز دے کر6وکٹیں حاصل کیں۔
Load Next Story