قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات میں پاکستان میں ’’را‘‘ کی مداخلت کا معاملہ اٹھائیں گے سرتاج عزیز

پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات رواں ماہ 23 اور 24 تاریخ کو متوقع ہے، مشیر برائے خارجہ امور

افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کا آئندہ دور طالبان کی قیادت طے ہونے پر ہوگا، سرتاج عزیز، فوٹو: فائل

وزیراعظم کےمشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات میں پاکستان میں ''را'' کی مداخلت کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔



اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات رواں ماہ 23 اور 24 تاریخ کو متوقع ہے جب کہ ملاقات کے ایجنڈے پر مشاورت جاری ہے اور اس میں پاکستان کی جانب سے بھارتی خفیہ ایجنسی''را'' کی مداخلت کا معاملہ اٹھائیں گے اور ثبوت بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اسمبلی کشمیر کے متنازع وجود پر قائم ہے لہٰذا مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کو کامن ویلتھ کانفرنس میں دعوت دینا پاکستان کے مؤقف کی نفی ہے۔




سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات کا الزام ایک دوسرے پر لگانے کے معاملے کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس کے لیے بھارت سے ایسا طریقہ کار طے کرنا چاہتے ہیں جس سے میڈیا کی بلا وجہ الزام تراشی سے بچا جاسکے جب کہ ہم نے پاکستانی بچے کی بھارتی جیل میں قید کے معاملے کو بھارت کے ساتھ اٹھایا ہے کیوں کہ 8 سال کے بچے کو جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں بنتا اور امید ہے اسے جلد رہا کردیا جائےگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کابل میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہیں جب کہ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کا آئندہ دور طالبان کی قیادت طے ہونے پر ہوگا۔

واضح رہے مقبوضہ کشمیر اسمبلی اسپیکرکو مدعو نہ کرنے پر بھارت نے کامن ویلتھ کانفرنس میں شرکت سے انکار کیا تھا جو 30 ستمبر سے 8 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہوگی۔

https://www.dailymotion.com/video/x2fldip#user_search=1
Load Next Story