پیپلز پارٹی کے سینیٹر سیف اللہ کا بیٹا اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار

شوکت اللہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں قصر ذوق شادی ہال کی اربوں روپے زمین کی خریداری کے اسکینڈل میں ملوث تھے۔

گزشتہ روز بھی نیب نے پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیاء کو کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے سینیٹر سیف اللہ بنگش کے بیٹے شوکت اللہ کو اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب پنجاب نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع قصر ذوق شادی ہال کی اربوں روپے کی زمین کی خریداری کے اسکینڈل میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر سیف اللہ بنگش کے بیٹے شوکت اللہ کو گرفتار کرلیا ہے، اربوں روپے کے قصر ذوق زمین اسکینڈل میں جسٹس ریٹائرڈ قیوم اور سینیٹر گلزا ر کے بیٹوں سمیت اہم سیاسی شخصیات شامل تھیں، کیس میں ملوث تمام افراد اپنے حصے کی رقم ادا کر چکے تھے لیکن شوکت اللہ بنگش پر ساڑھے 5 کروڑ سے زائد رقم واجب الادا تھی اور وہ نیب کو کافی عرصے سے مطلوب تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی نیب پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما اور پی ایچ ایف کے سابق صدر قاسم ضیاء کو بھی کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کر کے 14 روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا تھا۔
Load Next Story