ہری پور میں 16 اگست کو پرانے اور نئے پاکستان والوں کا مقابلہ ہوگا عمران خان

پرانے طرز کی سیاست اور انداز حکومت ناکام ہوگئے اور اب لوگ اپنے حقوق جان چکے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف

پرانے طرز کی سیاست اور انداز حکومت ناکام ہوگئے اور اب لوگ اپنے حقوق جان چکے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف. فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پرانے طرز کی سیاست اور انداز حکومت ناکام ہوگئے اس لئے ہری پور میں 16 اگست کو پرانے اور نئے پاکستان والوں کا مقابلہ ہوگا۔



ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے ذہنوں میں تبدیلی آچکی اور لوگ اپنے حقوق جان چکے ہیں، مغرب میں لوگ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں،تحریک انصاف نے اقتدارکو نچلے طبقے تک منتقل کردیا، خیبرپختونخوا کے ہرضلع، تحصیل یونین کونسل اور گاؤں میں پیسے دیں گے، لوگ خود فیصلہ کریں گے کہ انہیں پیسہ کہاں خرچ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی باتوں سے نہیں نظام کی تبدیلی سےآتی ہے ، صوبے میں پہلی دفعہ فنانس کمیشن ایوارڈ دیں گے، تحریک انصاف کے دور میں صوبائی وزیر کو احتساب کے لئے جیل میں ڈالا گیا، خیبرپختونخوا میں صوبائی وزیر پر کرپشن کے الزام کی تحقیقات شروع کیں کیا کبھی ایسا ہوا کہ وزیر کو احتساب کمیشن اٹھا کرلے جائے۔





چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں نے خیبرپختونخوا کےعوام کو تھانا، کچہری، پٹواری سےآزاد کرانے کا عزم کیا تھا، تبدیلی تب آئےگی جب ایک پولیس والاعام آدمی اوروزیرمیں فرق نہیں کرے گا، حکمران عوام کے ٹیکس پر کام کرتے ہیں کسی پراحسان نہیں کرتے،عوام کے ٹیکس کے پیسے سے اپنے ناموں کے اشتہاری بورڈ لگانا غلط ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ قصور میں جو بچوں کے ساتھ ہوا اس کا انتہائی دکھ ہے، قصور واقعے کا مسئلہ اسمبلی میں اٹھائیں گے۔




عمران خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں ساری جماعتوں نے ہمارے خلاف مل کر آپریشن لڑا لیکن یہ کوئی نہیں کہہ سکتا ہے کہ ہم نے پولیس اور سرکاری مشینری کا استعال کیا، خیبرپختونخوا میں کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات میں بدنظمی ہوئی جس پر دوبارہ انتخابات کرائے گئے لیکن دوبارہ انتخابات میں تحریک انصاف کو 45 فیصد ووٹ ملے اور ہم نے کسی کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کی،پاکستانی خوددار قوم ہے اور اسے کسی کے سامنے بھیک مانگنے کی کوئی ضرورت نہیں، سندھ اور پنجاب کے لوگ دیکھیں گے کہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی کس طرح آتی ہے۔





دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 کے ضمنی انتخاب کے لئے ہری پور کے علاقے سری کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے اہل خانہ سمیت پارلیمنٹ میں جانے کے لئے ووٹ مانگنے نکلے ہیں تاہم ہری پور کے عوام 16 اگست کو ان سے انتقام لیں گے، عمران خان جس پارلیمنٹ کو گرانا چاہتے تھے آج اسی پارلیمنٹ میں جانے کے لئے اہل خانہ کے ساتھ نکلے ہیں لیکن ہری پور کے عوام 16 اگست کو ان کا احتساب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 14 اگست کو عمران خان پارلیمنٹ پر حملہ کرنے نکلے تھے اور وہ وہ پارلیمنٹ کو آگ لگانا چاہتے تھے جب کہ انہوں نے یوم سیاہ بھی منایا لیکن یہ 14 اگست کا دن ہمارے لئے مقدم ہے اور اس سال ملک کا ایک ایک بچہ جشن آزادی شایان شان طریقے سے منائے گا۔

https://www.dailymotion.com/video/x310muu_imran-khan_news
Load Next Story