کارکن کے قتل پر ایم کیو ایم نے آج پرامن ہڑتال کی کال دیدی

تاجراور ٹرانسپورٹرز آج اس کھلے ظلم وبربریت کے خلاف کاروبار بندرکھیں،رابطہ کمیٹی کی اپیل

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے ہڑتال کے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔ فوٹو: فائل

CHICAGO:
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم لیاقت آباد سیکٹرکے کارکن محمدہاشم کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف آج بروز پیر بطور احتجاج سندھ بھرمیں پرامن ہڑتال کااعلان کیاہے۔

ہڑتال کااعلان ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب نے اراکین رابطہ کمیٹی اور محمد ہاشم شہیدکے بچوں اور دیگر سوگوار اہلخانہ کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔عبدالحسیب نے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کی آڑ میں گزشتہ دوبرسوں سے ایم کیوایم کے کارکنان اورعوام کے بنیادی انسانی حقوق بری طرح پامال کیے جارہے ہیں ۔ اس عرصے کے دوران دومرتبہ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد سمیت شہر بھر میں ایم کیوایم کے دفاتراور کارکنان کے گھروں پر غیرقانونی چھاپے مارکر3380 (تین ہزار تین سو اسی )سے زائد رہنماؤں ، ذمے داروں، کارکنوں اورہمدردوں کو گرفتارکیاجاچکا ہے جنھیں آنکھوں پر پٹیاں باندھ کرجنگی قیدیوں کی طرح عدالت میں لایاگیا۔31، دسمبر2014ء سے اب تک ایم کیوایم کے20 کارکنان کو گرفتارکرنے کے بعد لاپتہ کردیا گیا اور45 کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیاجاچکاہے۔


عبدالحسیب نے کہاکہ الطاف حسین اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے بارہاکہاجاچکا ہے کہ اگر ایم کیوایم کے کسی کارکن پر یہ الزام ہے کہ وہ کسی جرم میں ملوث ہے تو آئینی اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے اسے گرفتارکرکے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بجائے عدالت میں پیش کیاجائے اور اگر جرم ثابت ہوجائے تو قانون کے مطابق سزا دی جائے، ایم کیوایم ، کراچی کی سب سے بڑی منتخب جماعت ہے، کراچی کا امن ایم کیوایم کو سب سے زیادہ عزیزہے لہٰذا یہ کیسے ممکن ہے کہ ایم کیوایم شہر میں قیام امن کے لیے مثبت اقدامات کی مخالفت کرے گی، قیام امن کے لیے پولیس ، تھانے، عدالتیں اور جیلیں ہوتی ہیں، حکمرانوں کو یادرکھنا چاہیے کہ کفر کی حکومت قائم رہ سکتی ہے لیکن ظلم کی حکومت کبھی قائم نہیں رہ سکتی۔

عبدالحسیب نے بتایا کہ محمدہاشم لیاقت آباد ایم کیوایم یونٹ 164کے کارکن تھے اور انھیں6مئی کی شب نائن زیروسے اپنے گھرواقع لیاقت آباد جاتے ہوئے راستے سے رینجرزنے گرفتارکرلیاتھا اور گرفتاری کے بعد سے ان کے بارے میں کچھ پتہ نہیں تھا ۔ محمدہاشم کے اہلخانہ نے عدالت سے رجوع کیا اوران کی بازیابی کیلیے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی جس پر28، جولائی کو عدالت کے حکم پر محمد ہاشم کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کی گئی ۔انھوں نے کہا کہ3 ماہ بعدآج پولیس کے ذریعے محمدہاشم کے اہلخانہ کویہ المناک اطلاع ملی ہے کہ محمد ہاشم کی لاش سندھ کے علاقے جامشورو سے ملی ہے جنھیں ایدھی سینٹردفناچکا ہے۔ ایم کیوایم نے محمدہاشم کے ماورائے عدالت قتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کے خلاف بطوراحتجاج پیرکوسندھ بھرمیں پرامن ہڑتال کا اعلان کیاہے۔ رابطہ کمیٹی نے کراچی سمیت سندھ بھرکے تاجروں، دکاندارو ں اور ٹرانسپورٹرز حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کھلے ظلم وبربریت کیخلاف پیرکے روز اپنا کاروبار، دکانیں اورٹرانسپورٹ بندرکھیں۔ دریں اثناایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے ہڑتال کے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔
Load Next Story