ریحام خان آئندہ تحریک انصاف کی کسی بھی تقریب میں شرکت نہیں کریں گی عمران خان

این اے 19 ہری پورکےضمنی انتخاب میں شکست کے بعد سوشل میڈیا پر ریحام کو تنقید کا نشانہ بنایاجانا قابل افسوس ہے،عمران خان

این اے 19 ہری پورکےضمنی انتخاب میں شکست کے بعد سوشل میڈیا پر ریحام کو تنقید کا نشانہ بنایاجانا قابل افسوس ہے،عمران خان. فوٹو:فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے ان کی اہلیہ ریحام خان آئندہ تحریک انصاف کی کسی بھی تقریب میں شرکت نہیں کریں گی اور انہیں نہ تو کوئی پارٹی عہدہ دیا جارہا ہے اور نہ کوئی پروٹوکول۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 ہری پور کے ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد سوشل میڈیا پر ریحام خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔ عمران خان نے اپنی ٹوئٹس میں کہا کہ ریحام خان تحریک انصاف کے امیدوار کے کہنے پر حلقے میں گئیں اور یہ بات ریکارڈ کا حصہ ہے کہ ریحام خان نے ہمیشہ پی ٹی آئی ممبرز اور خاص طور پر خواتین کی جانب سے بلائے جانے پر ہی کسی بھی تقریب میں شرکت کی۔



عمران خان کا کہنا تھا کہ ریحام خان آئندہ تحریک انصاف کی کسی بھی تقریب میں شرکت نہیں کریں گی کیوں کہ ان کے پاس عوام کی خدمت کرنے کے لئے بہت کچھ ہے اور خاص طور پر اسٹریٹ چائلڈ کے لئے وہ کوششیں کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف موروثیت کی شدید مخالف ہے اسی لئے ان کی اہلیہ ریحام خان کو پارٹی پوزیشن نہیں دی جارہی اور نہ ہی وہ خیبرپختونخوا حکومت کا حصہ بن رہی ہیں اور انہیں سرکاری پروٹوکول بھی نہیں دیا جارہا۔




چیئرمین تحریک انصاف نے وضاحت کی کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں ریحام خان نے ان کے کہنے پر دورہ کیا کیوں کہ ہم چاہتے تھے کہ لوگوں کے دلوں میں چھپا خوف نکالا جائے اور خواتین کو ووٹ ڈالنے کے لئے گھروں سے باہر نکالا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دھرنے کی ایک کامیابی یہ بھی ہے کہ نوجوان اور خواتین سیاسی ہوگئے اور ان میں سیاسی سمجھ بوچھ آگئی کیوں کہ سیاسی سمجھ بوچھ کی وجہ سے ہی لوگ اپنے حقوق اور ناانصافی کے خلاف لڑ سکتے ہیں۔



 

Load Next Story