بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کی حریت رہنماؤں کو دعوت

پاکستانی ہائی کمیشن کی دعوت پر بھارت سیخ پا ہوگیا، دعوت پر تنقید شروع کردی

پاکستانی ہائی کمشین کی دعوت پر بھارت سیخ پا ہوگیا، دعوت پر تنقید شروع کردی، فوٹو:فائل

KARACHI:
بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو استقبالیے پر مدعو کیا گیا ہے جب کہ بھارت اس دعوت پر سیخ پا ہوگیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات سے قبل کشمیری رہنماؤں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا ہے جس میں حریت کانفرنس کے سینئر رہنما سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق بھی شامل ہیں۔


برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق میر واعظ عمرفاروق نے بھارتی اخبار سے گفتگو میں اس استقبالیے میں شرکت پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہئے جب کہ ہم میڈیا اور اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس دعوت نامے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔

دوسری جانب بھارت حریت رہنماؤں کی دعوت پر سیخ پا ہوگیا ہے اور حکومت میں شامل بھارتی رہنماؤں نے دعوت پر تنقید شروع کردی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حکومتی ذرائع کا کہنا ہےکہ اگر کشمیری رہنما پاکستانی ہائی کمیشن کی دعوت میں شرکت کریں گے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان قومی سلامتی امور کے اعلیٰ سطح کے مذاکرات 23 اگست سے شروع ہورہے ہیں جس کے لیے مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھارت روانہ ہوں گے۔
Load Next Story