ماڈل ایان علی پر فرد جرم کا معاملہ مزید لٹک گیا

عدالت کاکسٹم حکام کوکیس میں ملوث باقی 2ملزمان کےخلاف چالان پیش کرنےاورانہیں اشتہاری قراردینے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم

منی لانڈرنگ کیس میں نامزد ملزمہ ایان علی پر مسلسل چوتھی سماعت کے موقع پر بھی فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ملزمہ ماڈل ایان علی پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے کیس کی سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کردی ہے جب کہ قانونی ماہرین کے مطابق فرد جرم عائد کرنے میں مزید ایک ماہ لگ سکتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ملزمہ آج کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کی عدالت میں پیش ہوئیں۔ سماعت کے موقع پر ایان علی کے وکیل خرم کھوسہ کا کہنا تھا کہ کیس میں نامزد 3 میں سے 2 ملزموں محمد ادریس اور ممتاز کو نہ تو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی ان کے خلاف چالان پیش کیا گیا ہے جب کہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور عدالت کا فیصلہ آنے تک فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔ سماعت کے موقع پر کسٹم حکام نے موقف اختیار کیا کہ ماڈل ایان علی پر کرنسی اسمگلنگ کیس کے واضح ثبوت موجود ہیں جب کہ باقی دونوں ملزموں کا معاملہ الگ ہے، دونوں ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور فرار ہیں۔


عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کسٹم حکام کی سرزنش کی اور انہیں دونوں ملزمان کے خلاف چالان مکمل کر کے انہیں اشتہاری قرار دینے کے لئے اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کردی۔ ماڈل ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا نیا مقدمہ درج کرنے کی سماعت بھی عدالت نے 4 ستمبر تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزموں کا چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کرنے کے معاملے میں ایک سے ڈیڑھ ماہ لگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں نامزد ملزمہ ایان علی پر مسلسل چوتھی سماعت کے موقع پر بھی فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔ 2 مرتبہ جج رانا آفتاب کے غیر حاضر ہونے اور 2 مرتبہ قانونی معاملات ادھورے ہونے کے باعث معاملہ لٹکا رہا۔

https://www.dailymotion.com/video/x32j4fz_ayyan-ali-money-laundring_news
Load Next Story