کے سی سی اے کو شوکاز نوٹس تھمانے کا فیصلہ ہوگیا

کنیریا کو تقریب میں بلانے پرصدرکی زبانی وضاحت بورڈحکام کو مطمئن نہیں کر پائی

کنیریا کو تقریب میں بلانے پرصدرکی زبانی وضاحت بورڈحکام کو مطمئن نہیں کر پائی فوٹو:فائل

MUMBAI:
پی سی بی نے کے سی سی اے کو شوکاز نوٹس تھمانے کا فیصلہ کرلیا، صدر پروفیسر اعجاز فاروقی کی زبانی وضاحت حکام کو مطمئن نہیں کر پائی۔

تفصیلات کے مطابق میچ فکسنگ کے جرم میں تاحیات پابندی کا شکار دانش کنیریا اتوار کو کے سی سی اے کے زیر اہتمام نیشنل اسٹیڈیم میں کمشنر کراچی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے، بی سی بی کے تحت کام کرنے والی ایک ریجنل ایسوسی ایشن کی تقریب میں سزا یافتہ کھلاڑی کی موجودگی پر میڈیا میں سخت تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا، بورڈ حکام نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کے سی سی اے سے جواب طلبی کا فیصلہ کیا۔


ذرائع کے مطابق اعجاز فاروقی سے جب پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ کنیریا کو بطور مہمان بلانے پر بھی پابندی کا علم نہیں تھا، ذرائع کے مطابق یہ وضاحت بورڈ کو مطمئن نہیں کر پائی اورشوکاز نوٹس تیار کر لیا گیا ہے، جواب کی بنیاد پر اگلے ایکشن کا فیصلہ ہو گا، یاد رہے کہ ایک سال قبل امریکا میں ہونے والے ایک ایونٹ میں اس وقت کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ پی سی بی بدر رفاعی بھی دانش کنیریا کے ساتھ دیکھے گئے تھے جس پر انھیں شوکازنوٹس جاری کیا گیا تھا۔

اتوارکی تقریب میں کے سی سی اے کے بعض آفیشلز نے پی سی بی کو بھی کھل کر تنقید کا نشانہ بنایا تھا، یاد رہے کہ بورڈ اور کے سی سی اے کے تعلقات ان دنوں بیحد کشیدہ ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں شہر کی صرف ایک ٹیم کوبراہ راست شامل کرنے پر ایسوسی ایشن کی جانب سے ناراضی کا اظہار کیا گیا ہے، گذشتہ دنوں لاہور میںگورننگ بورڈ میٹنگ کے دوران صدر اعجاز فاروقی نے فیصلے پر شدید احتجاج کیا اور ایک موقع پر واک آؤٹ بھی کر گئے تھے، مگربعض آفیشلز انھیں منا کر واپس لے آئے۔
Load Next Story