کشمیرسمیت تمام باہمی معاملات کا حل پاکستان اوربھارت کی اپنی ذمہ داری ہے امریکا

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے جان کیری کی پاک بھارت وفود سے ملاقات طے نہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

افغانستان میں امن کےلیے کابل حکومت کی قیادت میں کی جانے والی بات چیت کی حمایت کرتے ہیں، جان کربی فوٹو: فائل

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کاکہنا ہے کہ کشمیرسمیت تمام باہمی معاملات کو حل کرنا پاکستان اور بھارت کی اپنی ذمہ داری ہے۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ روس کے شہراوفا میں پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کے بعد قومی سلامتی کے مشیران کے درمیان مذاکرات کا اعلان حوصلہ افزا اقدام تھا لیکن بات چیت کی منسوخی ایک مایوس کن بات ہے۔ کشمیر سمیت تمام باہمی معاملات کو حل کرنا پاکستان اور بھارت کا کام ہے یہی وجہ ہے کہ ہم مذاکرات پر زور دیتے ہیں۔


جان کربی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی پاکستان اور بھارتی وفود سے ملاقات کا کوئی شیڈول طے نہیں کیونکہ اس دوران امریکی وزیر خارجہ بے حد مصروف ہوں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے بارے میں امریکا نے کوئی نئی حکمت عملی تشکیل نہیں دی ، ہمارا موقف ہے کہ صرف ان طالبان سے بات چیت ہوسکتی ہے جواپنے کیے پرنادم ہوں اوردہشت گردی کی کھل کرمذمت کریں۔ امریکا افغانستان میں امن اورمفاہمت کے لیے کابل حکومت کی قیادت میں کی جانے والی بات چیت کی حمایت کرتاہے۔
Load Next Story