کراچی اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بعد تیزی ہنڈریڈ انڈیکس میں 718 پوائنٹس کا اضافہ

دن کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 33 ہزار 818 جب کہ تھرٹی انڈیکس 56 ہزار 318 پر بند ہوا

عالمی حصص بازاروں میں مندی کے باعث اب تک 50 کھرب ڈالر سے زائد کا نقسان ہوچکا ہے فوٹو: آئی این پی/فائل

اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کی شدید مندی کے بعد ہنڈریڈ انڈیکس 718 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 33 ہزار 818 کی سطح پر پہنچ گیا۔

کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار شروع ہوا تو ہنڈریڈ انڈیکس 33 ہزار 100 پوائنٹس پر موجود تھا ، کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی انڈیکس میں 41 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی لیکن اس کے بعد تیزی کا ریلا آیا اور ایک وقت میں انڈیکس میں 359 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 33 ہزار 459 پر بھی دیکھا گیا۔ تیزی کے کچھ ہی دیر بعد ایک مرتبہ پھر مندی غالب آگئی اور انڈیکس 567 پوائنٹس کمی کے بعد 32 ہزار 32 ہزار 882 کی سطح پر آگیا۔ تاہم بعد میں سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست خریداری دیکھی گئی اور دن کے اختتام پر انڈیکس 718 پوائنٹس اضافے سے 33 ہزار 818 پر بند ہوا۔ 350 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 266 کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 76 کی قیمتوں میں کمی جب کہ 5 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔


دوسری جانب دنیا کی دیگر اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کا رجحان دیکھا گیا ہے، چین کی سب سے بڑی اسٹاک مارکیٹ شنگھائی اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کے آغاز پر انڈیکس میں 6 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی لیکن پھر یہ کم ہوکر 4 فیصد تک آگئی۔ جاپان کے ٹوکیو بازار حصص میں کاروباری دن کا آغاز 4 فیصد کی گراوٹ سے ہوا، بعد ازاں اس میں بہتری آئی اور یہ شرح ایک فیصد تک آگئی۔ بھارت کی سب سے بڑی اسٹاک مارکیٹ بمبئی اسٹاک ایکسچینج کے سین سیکس انڈیکس میں آج بھی 327 پوائنتٹس کی کمی ہوئی ہے۔ نیویارک کے بازار حصص میں بھی کاروبار کے آغاز پر مندی رہی لیکن مارکیٹ بند ہونے تک بتدریج بہتر صورتحال اختیار کرگیا۔

واضح رہے کہ چین کی جانب سے اپنی کرنسی کی قدر میں کمی اور اس سے بین الاقوامی اسٹاک ایکسچینجز میں پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو اب تک 50 کھرب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔

Load Next Story