ناسا نے دنیا بھر میں سمندروں کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے سے خبردار کردیا

درجہ حرارت میں اضافے کی موجودہ سطح سے سمندروں کی سطح 3 فٹ تک بلند ہوسکتی ہے، ناسا

درجہ حرارت میں اضافے کی موجودہ سطح سے سمندروں کی سطح 3 فٹ تک بلند ہوسکتی ہے، ناسا، فوٹو:فائل

PARIS:
ناسا نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں سمندر کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور آئندہ 100 یا 200 برسوں میں سمندروں کی سطح میں ایک میٹر یا اس سے بھی زائد اضافہ ہوسکتا ہے۔

ناسا کی سیٹلائٹس سے حاصل ہونے والی تازہ معلومات کے مطابق گرین لینڈ اورانٹارکٹیکا پر برف کے تودے اب تک کی سب سے زیادہ رفتار سے پگھل رہے ہیں جب کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں سمندروں کے درجہ حرارت اور ان کے پھیلاؤ میں بھی بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق سمندروں کی سطح میں اضافے کےانتہائی گہرے اثرات مرتب ہوں گے کیوں کہ ڈیڑھ ارب سے زائد افراد سمندروں کی موجودہ سطح سے ایک میٹر یا اس سے بھی کم سطح پر رہتے ہیں جن میں زیادہ تر ایشیا میں ہیں۔

ناسا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کی موجودہ سطح سے سمندروں کی سطح 3 فٹ تک بلند ہوسکتی ہے اور ممکنہ طو ر پر یہ صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ سمندورں کی سطح میں اضافے کی وجہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کو قرار دیا گیا ہے اس کے علاوہ جنگلات کا رقبہ تیزی سے کم ہو رہا ہے اور ساتھ ہی کرہ ہوائی میں موجود گیسوں کا لاکھوں صدیوں سے قائم توازن بھی خطرےسے دو چار ہے،یہی نہیں بلکہ بگڑتے ہوئے عالمی حالات میں ایٹمی،کیمیائی و حیاتیاتی ہتھیاروں کا استعمال کسی بھی سانحہ کا سبب بن سکتے ہیں۔


 

واضح رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ اور دیگر سائنسی تحقیقاتی ادارے بھی سمندروں کی سطح میں اضافے اور ان کے خطرات سے آگاہ کرچکے ہیں۔

 
Load Next Story