سعودی عرب میں عمارت میں آگ لگنے سے 11 افراد ہلاک 200 سے زائد زخمی

جھلس کر زخمی ہونے والوں میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، حکام

آتشزدگی سے متاثرہ عمارت سعودی آئل ریفائنری "آرامکو" کی ہے جو دنیا کی بڑی آئل کمپنیوں میں شمار کی جاتی ہے۔. فوٹو:سوشل میڈیا

سعودی عرب میں رہائشی عمارت میں آگ لگنے کے باعث 11 افراد ہلاک اور 200 سے زائد جھلس گئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی شہر خوبار میں آئل فیلڈ کی رہائشی عمارت کے تہہ خانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جسے بجھانے کے لئے ریسکیو ٹیموں کے علاوہ ہیلی کاپٹروں سے بھی مدد لی گئی۔ سعودی عرب کے محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق آتشزدگی کے باعث عمارت میں موجود 11 افراد ہلاک اور 219 جھلس گئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم زخمی ہونے والوں میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔


حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ رہائشی عمارت سے متصل دیگر عمارتوں میں موجود افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جب کہ متاثرہ بلڈنگ میں کولنگ کا عمل جاری ہے تاہم آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی جس کے لئے تحقیقات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ آتشزدگی سے متاثرہ عمارت سعودی آئل ریفائنری "آرامکو" کی ہے جو دنیا کی بڑی آئل کمپنیوں میں شمار کی جاتی ہے۔
Load Next Story