’’گھرکے شیر‘‘ دیارِغیر میں بھی دھاڑنے لگے

سری لنکا میں سیریز فتوحات کا22 سالہ بھارتی قحط ختم،تیسرے ٹیسٹ میں117 رنز سے کامیابی،ایشون سیریزکے بہترین پلیئر

سری لنکا میں سیریز فتوحات کا22 سالہ بھارتی قحط ختم،تیسرے ٹیسٹ میں117 رنز سے کامیابی،ایشون سیریزکے بہترین پلیئر ۔ فوٹو : اے ایف پی

''گھرکے شیر'' دیار غیر میں بھی دھاڑنے لگے،سری لنکا میں سیریز فتوحات کا22 سالہ بھارتی قحط ختم ہو گیا،تیسرے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کو117 رنز اور سیریز میں2-1 سے کامیابی نصیب ہوئی،21 وکٹیں لینے پر روی چندرن ایشون سیریز کے بہترین پلیئر کا ایوارڈ لے اڑے، چتیشور پجارا کو میچ کا ہیرو قرار دیاگیا، انھوں نے پہلی باری میں بھارت کیلیے 145 کی اننگز کھیلی تھی، کپتان انجیلو میتھیوز کی سنچری میزبان سائیڈ کے کام نہ آ سکی۔

تفصیلات کے مطابق سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ پرفتح کیلیے 386 کا ہدف پانے والی سری لنکن ٹیم چوتھے دن ہی 67 پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی، اختتامی دن وہ آخری سیشن میں 268 پر آؤٹ ہوگئی، لنچ سے قبل 107 پر 5 وکٹیں گر چکی تھیں،کوشل سلوا 27رنز بناکر یادیو کی گیند پر پجارا کا کیچ بنے، لاہیرو تھریمانے(12) کو ایشون نے راہول کی مدد سے قابو کیا،میتھیوز اور پریرا کی پارٹنرشپ میچ کو آخری سیشن تک لے گئی۔


کپتان نے کوشل پریرا کے ہمراہ چھٹی وکٹ کیلیے 135رنز جوڑکر مزاحمت کی، لیفٹ ہینڈر70رنز بنانے کے بعد ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں پوائنٹ پر موجود روہت شرما کا کیچ بن گئے، میتھیوز نے110رنزبناکر اپنی 10ویں ٹیسٹ سنچری جڑی، اختتامی سیشن کے پہلے اوور میں ایشانت نے میتھیوز کو ایل بی ڈبلیو کردیا، بھارت نے اختتامی5 وکٹیں محض26 رنزکے عوض ہتھیالیں، ہیراتھ آؤٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی بنے۔

انھوں نے 23 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11رنز جوڑے لیکن پھر ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، دھمیکا پرساد(6) کو بھی ایشون نے اپنے جال میں پھانس لیا، کیچ اسٹورٹ بنی نے قابو کیا، نووان پردیپ بغیر کوئی رن بنائے مشرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، تھاریندو کوشل 1 پر ناٹ آؤٹ رہے۔آف اسپنر ایشون نے 69رنز کے عوض4 شکار کیے، پیسر ایشانت شرما نے 3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔
Load Next Story