الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات میں کوتاہی نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی عمران خان

چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں ضمنی انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے،چیئرمین تحریک انصاف

چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں ضمنی انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے،چیئرمین تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے آئندہ انتخابات میں الیکشن کمیشن کی اصلاح اور کوتاہیاں نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا محمد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ انتخابی دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن نے الیکشن کے دوران جن دھاندلیوں کی نشاندہی کی ان پرچیف الیکشن کمشنر نے پہلے ہی کام شروع کردیا جب کہ سردار رضا محمد نے الیکشن کمیشن کی اصلاح کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کوتاہیاں نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے این اے 122 اور این اے 154 کے ضمنی انتخاب میں فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تحریک انصاف کو پنجاب پولیس پر اعتماد نہیں اس لئے ایک فوجی اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور ایک باہر تعینات کیا جائے۔


عمران خان نے ایک مرتبہ پھر الیکشن کمیشن کے ممبران کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں تکنیکی غلطیاں اور دھاندلی ہوئی تھی جس کے بعد چاروں ممبران کا عہدوں پر رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا اور ان کی موجودگی میں صاف و شفاف انتخابات کی کوئی توقع نہیں، تحریک انصاف الیکشن کمیشن ممبران کے خلاف اسلام آباد میں تاریخی جلسہ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ 2013 کی نہیں بلکہ 2015 کی تحریک انصاف ہے جس کے پاس اسٹریٹ پاور ہے، ہمارے نوجوانوں اور رضاکاروں کی ٹریننگ ہورہی ہے اور اب بھرپورتیاری کے بعد میدان میں اتریں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے ٹریبونل کے جج کاظم ملک نے (ن) لیگ کے حق میں فیصلہ دیا تو وہ اچھے تھے لیکن فیصلہ مخالف آیا تو وہ برے بن گئے یہی نہیں 2 وزیروں کی جانب سے انہیں دھمکیاں بھی دی گئیں۔ ضمنی انتخاب سے راہ فرار اختیار کرنے کے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے کبھی جدہ بھاگ کر نہیں گیا، کبھی ملک چھوڑ کر گیا اور نہ میدان، الیکشن لازمی لڑیں گے لیکن یہ الیکشن تیاری سے لڑیں گے اس کے لئے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔

https://www.dailymotion.com/video/x349dga_imran-khan_news
Load Next Story