کچھ غذائیں۔۔۔ جو بڑھتی عمر چھپائیں

ہمیشہ وہ کھانے کھائیں، جس میں نمک اور چینی کم ہو، کیوں کہ اس کے ذریعے کیلوریز بڑھنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

گاجر سرطان (کینسر) جیسی مہلک بیماری اور آنکھوں کے لیے مفید ہے، فوٹو: فائل

ہر عورت کی ہمیشہ سے یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی عمر سے کم نظر آئے کہ دیکھنے والا اُس کی تعریف ضرور کرے اور ایسا کرنا کسی بھی عورت کے لیے مشکل نہیں، کیوں کہ ہر عورت کھانا پکانا تو جانتی ہی ہے، لیکن یہ بہت کم خواتین جانتی ہیں کہ کون سا کھانا ایسا ہے کہ جس سے آپ اپنی عمر سے کم نظر آسکتی ہیں۔ آئیے اس معاملے میں ہم آپ کی مدد کیے دیتے ہیں۔

امریکی ہربل اسپیشلسٹ (ماہر ِجڑی بوٹی) ایلزبیتھ پیٹون، جن کی عمر تقریباً 49 سال ہے، لیکن دیکھنے والے انہیں 30 سال کا سمجھتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ایلزبیتھ پیٹون نے اپنے آپ کو متوازن رکھا ہوا ہے۔ ایلزبیتھ پیٹون کا یہ کہنا ہے کہ اگر خواتین صرف یہ جان لیں کہ انہیں کیا کھانا ہے اور کیسے پکانا ہے، تو پھر ہر عورت ہی اپنی عمر سے کم نظر آسکتی ہے، نہ صرف عمر میں کم، بلکہ ایک صحت مند زندگی بھی گزار سکتی ہے۔

ایلزبیتھ پیٹون کہتی ہیں کہ کھانا ایک طاقت وَر چیز ہے، لیکن اکثر خواتین یہ بات بھول جاتی ہیں۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کا چہرہ ہمیشہ روشن اور تروتازہ رہے، آپ کی آنکھیں چمکتی ہوئی دکھائی دیں اور آپ ہر کام چستی پھرتی کے ساتھ ہرکام کریں، تو آپ قدرتی غذا کو اپنی زندگی میں شامل کریں۔

ایلزبیتھ پیٹون کا کہنا ہے کہ اگر ہم ڈھونڈنا چاہیں، تو مارکیٹ میں سیکڑوں سبزیاں مل جائیں گی، لیکن ہم سبزی خریدتے وقت یہ سوچ کر پریشان ہو جاتے ہیں کہ یہ سبزی کس طرح سے تیار ہو گی۔ ماہر غذائیات اور کھانے پکانے کے ٹی وی پروگراموں نے ہماری مشکلوں کو اور آسان کر دیا ہے اور اب ہم ان کے ذریعے یہ بھی جان جاتے ہیں کہ ایک سبزی کتنے مختلف طریقوں سے تیار ہو سکتی ہے۔

اکثر خواتین کھانوں میں نمک، چینی اور کریم کا استعمال بہت زیادہ کرتی ہیں ۔اس کے علاوہ کھانے کو بہت زیادہ پکا لیتی ہیں۔ یہ درست نہیں ہے۔ اگر ہم کھانوں کی تیاری اور اجزا کا استعمال صحیح طریقے سے کریں، تو یہ ہمارے اپنے لیے ہی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

پیٹون جونز صحت مند اور جوان رہنے کے مندرجہ ذیل طریقے بتاتی ہیں:


٭ہمیشہ وہ کھانے کھائیں، جس میں نمک اور چینی کم ہو، کیوں کہ اس کے ذریعے کیلوریز بڑھنے کا خطرہ ہوتا ہے، جو مُٹاپے کا سبب بن سکتا ہے۔

٭خشک میوہ جات کا استعمال کریں۔ ایک پیالی بادام اور کاجو کو دو گلاس پانی میں ملا کر پیس لیں۔ یہ مشروب آپ کو متوازن رکھے گا۔ برازیل نٹس (تکونی اخروٹ) کے استعمال سے آپ کے بال سفید نہیں ہوں گے اور پستہ کھانے سے آپ کا چہرہ تروتازہ رہے گا۔

٭روزمرہ کی غذا میں جڑی بوٹیوں کے استعمال سے پٹھوں اور جوڑوں میں سوجن نہیں ہوتی۔ سونف اور زیرے کا استعمال نہ صرف آپ کے معدے کو صاف رکھتا ہے، بلکہ آنکھوں، بالوں، جلد اور ناخنوں کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ اجوائن اور دھنیے کا استعمال بھی آپ کو جوان رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جیسے آپ سبزی کا استعمال کرتی ہیں، ویسے ہی جڑی بوٹیوں کو بھی اپنے کھانوں میں شامل کریں۔

٭ہمیشہ اپنے کھانوں کو اسٹیم فرائی کریں، کیوں کہ اس میں تیل کا استعمال کم ہوتا ہے، جو آپ کے جسم میں چربی کو کم کرتا ہے۔

ایسی سبزیاں اور پھل جو آپ کو جوان رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، ان میں سرخ ٹماٹر قابل ذکر ہے۔ اس کے علاوہ ناشپاتی کو بطور سلاد اپنی غذا میں شامل رکھیں۔کھیرا جلد کے لیے سب سے فائدہ مند ہے، یہ آپ کے ٹشوزکو طاقت وَر بناتا ہے۔ اس کا رس یا بطور سلاد استعمال بہت مفید ہے۔ اس کے علاوہ مولی کی سلاد بھی فایدہ مند ہے۔ مشروم کولیسٹرول کم کرتا ہے، اسے سوپ یا آملیٹ میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

گاجر سرطان (کینسر) جیسی مہلک بیماری اور آنکھوں کے لیے مفید ہے، اس کو ہمیشہ چھیل کر استعمال کرنا چاہیے۔ اس کا رس، سلاد اور سوپ میں استعمال کریں۔ ناریل کا دودھ چربی نہیں بننے دیتا۔

اس کے علاوہ، مچھلی، گوبھی اور انار بھی بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھتی ہیں۔ یہ سب ایسی چیزیں ہیں، جو بہ آسانی دست یاب ہوتی ہیں۔ اس لیے اب کسی بھی عورت کے لیے اپنی عمر سے کم نظر آنا مشکل نہیں ہے۔
Load Next Story