پاکستان اسٹیل کو بند نہیں ہونے دیں گے قائم علی شاہ

اسٹیل ملز اسی دور حکومت میں اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی، مل جل کرکام کرنا ہو گا۔

بیل آؤٹ پیکیج کی نئی قسط جلد ادا کر دی جائیگی، خورشید شاہ، مزدوروں سے خطاب۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ شہید بھٹو سے بیوروکریسی نے کہا تھا کہ اسٹیل مل مت لگاؤ سفید ہاتھی ہوگا۔

مگر بھٹو نے ان کی بات رد کر دی ، مل کو چلانے کیلیے مل جل کر کام کرنا ہو گا۔ پاکستان اسٹیل کے مرکزی سی بی اے آفس میں منعقدہ مزدوروں کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے اعلانات کیلیے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اسٹیل کی توسیع سے ادارے میں ہزاروں لوگوں کیلیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، صدر مملکت کا ویژن ہے کہ ہمیں ایڈ نہیں ٹریڈ کی ضرورت ہے، اس لیے ملکی صنعتوں کو خصوصی ہدف میں رکھ کر ترقی دی جائیگی، مل کو بند نہیں ہونے دیں گے۔


پاکستان اسٹیل اسی دور حکومت میں اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے پاکستان اسٹیل کے معذور محنت کش نوید اختر کو 2لاکھ روپے امداد اور اس کے قریبی رشتے دار کو نوکری دینے کا اعلان بھی کیا۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور خورشید شاہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی مزدوروں کے حقوق کی ضامن ہے ، مزدوروں کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں ہوگی، پاکستان اسٹیل کو بیل آؤٹ پیکیج کی نئی قسط بھی جلد ادا کر دی جائے گی ۔ شمشاد قریشی کی اپیل پر وزیر اعلیٰ سندھ نے پاکستان اسٹیل کے تحت چلنے والے آغوش اسکول اینڈ کالج برائے اسپیشل چلڈرن کیلیے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا جبکہ سید خورشید شاہ نے وزیراعظم سے آغوش اسپیشل چلڈرن کیلیے ایک کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ دلانے کا وعدہ کیا۔

پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل محمد جاوید (ریٹائرڈ) نے جلسے میں شریک تمام مہمانوں کا خیرمقدم کیاکہ پاکستان اسٹیل کی ترقی و استحکام امر ربی ہے، بیل آؤٹ پیکیج کے4ارب روپے سے خام مال کی خریداری کی ہے جس کی آمدکے بعد جنوری تک ادارے کی پیداوار کو 47 فیصد پر لے جائیں گے اور 18ماہ کے اندر ادارے کو منافع بخش بنائیں گے۔ سی ای او نے پاکستان اسٹیل کے محکمہ MERS کے معذورملازم نوید اختر کیلیے 50ہزار روپے امداد، مصنوعی ہاتھ لگانے کیلیے علاج و انتظام اور اگلے گریڈ میں ترقی کا اعلان بھی کیا۔

پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرز یونین سی بی اے کے چیئرمین ، ممبر پاکستان اسٹیل بورڈ آف ڈائریکٹرز شمشاد قریشی نے ملازمین کیلیے مراعات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس چارٹر آف ڈیمانڈ میں ماہانہ دواؤں کی مقررہ حد 2000 سے بڑھا کر ماہانہ 2500 روپے، چلڈرن ایجوکیشن الاؤنس 800 سے بڑھا کر 1400، جہیز گرانٹ کی رقم50ہزار سے70ہزار، ہائی اسکلڈ ورکر1،2، 3 کیلیے خصوصی الاؤنس 500، 700اور900 روپے ماہانہ، نئے مستقل ہونے والے ملازمین کیلیے گلشن حدید فیز4 ایکسٹینشن کا اعلان، پے گروپ1سے ہائی اسکلڈ ورکر3 تک کی گراس تنخواہوں میں 37 سے 61فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جلسے میں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی صدیق ابو بھائی، راشد ربانی، وقار مہدی، سلمان مراد، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نصر اللہ، پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے صدر راجہ رزاق کے علاوہ پاکستان اسٹیل کے سینئر افسران و محنت کشوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
Load Next Story