اسلام آباد میں سرکاری ڈاکٹروں کی ریلی پر پولیس کا لاٹھی چارج

ہمارا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو احتجاج کے دائرے کو مزید بڑھانے پر مجبور ہوجائیں گے، ڈاکٹروں اور طبی عملے کا موقف

ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا فوٹو: فائل

وفاقی دارالحکومت کا نادرا چوک سرکاری ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی احتجاجی ریلی پولیس کے لاٹھی چارج سے میدان جنگ بن گیا۔

اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کے لئے احتجاجی ریلی نکالی، ریلی کے شرکا وزیراعظم ہاؤس پہنچنے کے لئے جب نادرا چوک پر پہنچے تو پولیس کی بھاری نفری نے انہیں روکنے کی کوشش کی، اس دوران پولیس نے ریلی کے شرکا پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔


لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کے خلاف ریلی کے شرکا نے نادرا چوک پر ہی دھرنا دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ گرفتار کئے گئے ڈاکٹروں کی رہائی اور مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم نہیں ہوگا۔

اس سے قبل حکومت کی جانب سے ہیلتھ رسک الاؤنس کی بندش کے خلاف اسلام آباد میں تمام سرکاری اسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے ایمرجنسی کے علاوہ تمام شعبوں میں کام بند کردیا، جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

https://www.dailymotion.com/video/x35lwan_doctors-islamabad-protest_news
Load Next Story