رواں سال دہشت گردی میں واضح کمی کی رپورٹ

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک میں تیزی سے ترقی ہوئی

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک میں تیزی سے ترقی ہوئی، فوٹو:فائل

دہشت گردوں کے خلاف ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب اور موجودہ حکومت کے راست فیصلوں کے سبب سال رواں دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی اور ترقی کے اشارے ملنا شروع ہوگئے ہیں۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک میں تیزی سے ترقی ہوئی، پاکستان میں دہشت گردی میں کمی آئی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق فوجی آمریت، دہشت گردی اور سیاسی اتار چڑھاؤ کے بعد پاکستان اب بہت پرسکون ہے، 9 ماہ کے دوران دہشت گرد حملوں میں ستر فیصد تک کمی آئی، عوام اب شاپنگ مال، ریستوران اور دیگر تفریحی مقامات کا رخ کررہے ہیں۔ یوم آزادی اور یوم دفاع کے موقع پر لوگوں کا جوش و خروش اور گزشتہ سال کے مقابلے میں عوامی مقامات کا رخ کرنا اس بات کی صداقت کو ظاہر کرتا ہے کہ عوام کے دلوں میں پنپنے والا دہشت گردانہ حملوں کا خوف زائل ہوچکا ہے۔

سال گزشتہ اگست کے مہینے سے اٹھنے والا سیاسی ابال اب بیٹھ چکا ہے، اور سیاسی تناؤ کے بادل بھی چھٹ چکے ہیں، جس طرح خانہ جنگی اور اقتصادی دیوالیہ پن کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں وہ بھی دم توڑ چکی ہیں۔ قبائلی علاقوں کے ساتھ کراچی میں بھی دہشت گردانہ حملوں اور جرائم میں کمی دیکھی گئی۔ وزیراعظم پاکستان ٹھنڈے مزاج کے ساتھ مخالفین کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی تمام تر توجہ اقتصادی استحکام کی جانب مرکوز کیے ہوئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔


لندن میں معاشی صورتحال پر نظر رکھنے والی فرم ری نیساں کیپٹل کے چارلی رابرٹسن نے پاکستان کو ابھرتی ہوئی مارکیٹ قرار دیا۔ اخبار کے مطابق وزیراعظم نواز شریف 2018 تک 800 میل شاہراہیں اور 14 پاور پلانٹس لگانے کے لیے پرعزم ہیں۔ چین کے تعاون سے بننے والی اقتصادی راہداری پاکستان میں ترقی کے مزید مواقع فراہم کرسکتی ہے۔

چین سمندر تک رسائی کے لیے پاکستانی راستے استعمال کررہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے جس طرح فوج کو افغانستان اور بھارت کے ساتھ خارجہ پالیسی طے کرنے کے مکمل اختیارات دیے جب کہ آپریشن ضرب عضب اور کراچی میں امن و امان کے لیے آپریشن کا فیصلہ کیا اس کے مثبت اثرات نکلے۔ پاکستان کے معاشی ہب میں امن و امان کا استحکام ملکی معیشت کی بحالی میں مہمیز کا کردار ادا کرسکتا ہے۔

مناسب ہوگا کہ موجودہ پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہے اور باہمی تنازعات اور اختلافات کو ملک کے وسیع تر مفاد کی خاطر بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ ملکی معیشت کا پہیہ اگر ترقی کی جانب رواں دواں ہے تو سیاسی چپقلش اور محاذ آرائی سے حتی الامکان گریز کیا جائے۔
Load Next Story