کوئٹہ میں بم دھماکا ایف سی کے 3اہلکار جاں بحق 11افراد زخمی

دھماکاسریاب روڈ پر ہوا،بم سائیکل پرنصب تھا،ایف سی کی گاڑی کونشانہ بنایاگیا،4 کی حالت نازک۔

کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بم دھماکے میں زخمی ہونے والے رینجرز اہلکار کو اسپتال لے جایاجارہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بم دھماکے میں 3 ایف سی اہلکار جاں بحق اور 5 اہلکاروں سمیت 11افراد زخمی ہوگئے۔


سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ جاں بحق افرادکی لاشوں اورزخمیوں کواسپتال منتقل کر دی گیاجہاں 3 اہلکاروں سمیت 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، سول اسپتال میں زخمیوںکی منتقلی کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اسپتال حکام کے مطابق زخمیوں میں بچے اورخواتین بھی شامل ہیں،دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیاںکوبھی نقصان پہنچا، پولیس کا کہناتھاکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکاخیز موادسائیکل میں نصب کیا گیاتھا۔

ادھر سوئی کے علاقے دشت میں چوکی پر نامعلوم افرادکی فائرنگ سے ایک اہلکارجاں بحق جبکہ 5زخمی ہوگئے۔ لیویزکے مطابق جمعہ کونامعلوم افراد نے چوکی پرفائرنگ کردی جس سے اہلکار شفیع اللہ جاں بحق جبکہ 5زخمی ہوگئے ،دریں اثنابلوچستان ہائی کورٹ نے ڈاکٹر سعید خان کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے 23اکتوبر کو سیکرٹری داخلہ اورسی سی پی او کو مکمل رپورٹ کے ساتھ طلب کرلیا ہے، پی ایم اے بلوچستان کی جانب سے ماہر امراض چشم ڈاکٹر سعید خان کے اغوا اور ڈاکٹروں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال جمعہ کو دوسرے روز بھی جاری رہی، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ آئے روز ہمارے ڈاکٹرز قتل اور اغوا ہورہے ہیں ،حکومت اپنی شاہ خرچیوں میں مصروف ہے ،انھوںنے چیف جسٹس آف پاکستان سے ڈاکٹروں کے قتل اوراغوا کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
Load Next Story