اب کسی سانحے پر بھی پاک بھارت امن عمل ہائی جیک نہیں ہونے دینگے قمر کائرہ

ہر دور میں کوئی نہ کوئی سانحہ امن مذاکرات دوبارہ زیرو پوائنٹ پر پہنچا دیتاہے

مشترکہ کرنسی،سائوتھ ایشین پارلیمنٹ قائم کی جائے، جہانگیر بدر، پیس کانفرنس سے خطاب، صحافیوں کوملٹی پل ویزے دیے جائیں، اعلامیہ۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ پاکستان اور بھارت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اب چاہے کوئی بڑا سانحہ بھی کیوں نہ ہو امن کے عمل کوہائی جیک نہیں ہونے دیںگے۔

پاکستان اور بھارت کے مشترکہ دشمن غربت اوربیروزگاری ہیں اور ان مسائل کے حل کیلیے ہمارے پاس دوستی، امن اوربھائی چارہ قائم کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں،دونوں ملکوں کامیڈیا امن کے قیام میں مثبت کردار ادا کرسکتاہے ۔ وہ لاہور پریس کلب میں منعقدہ پاک انڈیا میڈیا پیس کانفرنس کے پہلے سیشن سے خطاب کررہے تھے۔کانفرنس میں لاہور پریس کلب کی دعوت پر پریس کلب آف انڈیا دہلی کے سیکریٹری انیل آننداورچندی گڑھ پریس کلب کے صدرسکھبیر سنگھ باجوہ کی قیادت میں بھارت سے آئے صحافیوںکے 30رکنی وفد نے بھی شرکت کی۔


وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں مسائل کے حل کیلیے تاریخ کی تلخیوںسے نکلنا ہوگا،ماضی میں دونوں حکومتوں نے اسی بناپر امن کے قیام کیلیے دوبارہ مذاکرات شروع کیے لیکن ہر دور میں کوئی نہ کوئی ایسا سانحہ وقوع پذیر ہوجاتا جس سے امن مذاکرات دوبارہ زیرو پوائنٹ پر چلے جاتے۔ انھوںنے کہا امن مذاکرات کی اس تاریخ سے ہم نے بھی سبق سیکھ لیاہے اسی لیے دونوں حکومتوں نے یہ فیصلہ کیاکہ چاہے کچھ ہوجائے لیکن امن مذاکرات کاعمل متاثر نہیں ہوگا، اب ایسا کوئی واقعہ ہوتا ہے جس میں دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں تو اس مرحلے پر بھی پاکستان اور بھارت آپس میں انفارمیشن کا تبادلہ کرتے ہیں اور مذاکرات کا عمل روکا نہیں جاتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اگرچہ سرکاری طور پر بھارتی فلمیں اور ٹی وی چینل پر پابندی ہے اسکے باوجود یہاں حکومت نرمی دکھاتی ہے جبکہ بھارت میں کہیں بھی پاکستانی چینل کو اس نوعیت کی نرمی نہیں دی جاتی، میرے خیال میں بھارتی حکومت کو بھی نرم رویہ اختیارکرنا ہوگا۔ سینیٹر جہانگیر بدر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ جب تک پاکستان اور بھارت کے امن مذاکرات کو جنوبی ایشیا کے امن کی بنیاد نہیں بنایا جائیگا تب تک نہ جنوبی ایشیا میں امن قائم ہوسکتا ہے اور نہ دنیا میں۔

انہو ں نے تجویز دی کہ پاکستان اور بھارت یورپ کی طرز پر مشترکہ کرنسی اور یورپی پارلیمنٹ کی طرز پر سائوتھ ایشین پارلیمنٹ قائم کریں۔ میڈیا کانفرنس سے بھارتی وفد کے سربراہ اور صدر چندی گڑھ پریس کلب کے صدر سکھبیر سنگھ باجوہ نے کہاکہ لاہور پریس کلب اور چندی گڑھ پریس کلب نے امن کے جس مشن کا آغاز چند سال قبل شروع کیا تھا آج یہ مشن پنجاب سے نکل کر سارے ہندوستان میں پھیل رہا ہے۔کانفرنس کے اختتام پر پانچ نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا کہ لاہور ، دہلی اور چندی گڑھ پریس کلبوں کے درمیان میڈیا فیلوشپ اور ٹریننگ پروگرام شروع کیا جائیگا ، پاکستان اور بھارتی حکومتیں ایک دوسرے کے نیوز چینلز کی نشریات دکھانے کی اجازت دیں، صحافیوں کو الگ کیٹیگری جاری کرتے ہوئے ملٹی پل ویزہ دیا جائے۔
Load Next Story