یو ایس اوپنروجر فیڈرر نے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے

ویمنز میں سیمونا ہالیپ نے وکٹوریا آذرنیکا کو قابو کرکے پیش قدمی جاری رکھی

ویمنز میں سیمونا ہالیپ نے وکٹوریا آذرنیکا کو قابو کرکے پیش قدمی جاری رکھی ۔ فوٹو : اے ایف پی

روجر فیڈرر اور واورنیکا نے یو ایس اوپن کے سیمی فائنلز میں قدم رکھ دیے، ویمنز سنگلز میں سیمونا ہالیپ نے وکٹوریا آذرنیکا کو قابو کرکے لاسٹ فور میں رسائی حاصل کرلی۔


تفصیلات کے مطابق 5 مرتبہ کے چیمپئن روجر فیڈرر نے رچرڈ گیسکوئٹ کو ہرا کر 10ویں یو ایس اوپن سیمی فائنل میں جگہ بنالی، اب ان کا سامنا اسٹین واورنیکا سے ہوگا، 34 سالہ فیڈرر نے گیسکوئٹ کو 6-3، 6-3 اور 6-1 سے زیر کرنے میں صرف 87 منٹ لگائے۔

واورنیکا نے سیمی فائنل تک رسائی کیلیے جنوبی افریقن کیون اینڈرسن کو 6-4، 6-4 اور 6-0 سے زیر کیا۔ دوسری جانب ویمنز سنگلز کوارٹر فائنلزمیں رومانیہ کی سیکنڈ سیڈ سیمونا ہالیپ نے بیلاروسی 20ویں سیڈڈ وکٹوریہ آذرنیکا کو 6-3، 4-6 اور 6-4 سے مات دے دی، انھیں اب فلاویا پنیٹا سے مقابلہ درپیش ہوگا، پنیٹا نے لاسٹ 8 میں پیٹرا کویٹووا کو 4-6، 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر اپ سیٹ کردیا تھا۔ قبل ازیں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے اپنی بڑی بہن وینس کیخلاف کامیابی پر لاسٹ فور کیلیے کوالیفائی کرلیا تھا، سیمی فائنل میں انھیں روبرٹا ونسی سے مقابلہ درپیش ہے۔
Load Next Story