مودی سرکار کی پاکستان کو سرحد پر فائرنگ میں پہل نہ کرنے کی یقین دہانی بھارتی میڈیا

بھارت کی طرح پاکستان بھی دہشت گردی کا شکار ہے اور ہمیں اس کے خلاف متحد رہنا ہوگا، بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ

بھارت پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے، راج ناتھ سنگھ فوٹو: فائل

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ڈی جی پاکستان رینجرز کو سرحد پر فائرنگ میں پہل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

میجر جنرل عمر فاروق برکی کی سربراہی میں پاکستان رینجرز کے وفد نے نئی دلی میں بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ سمیت کئی معاملات پر بات ہوئی۔


راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، بھارتی فوج سرحد پر فائرنگ میں پہل نہیں کرے گی۔ بھارت کی طرح پاکستان بھی دہشت گردی کا شکار ہے، دہشت گردی کی روک تھام کے لیے ہمیں متحد رہنا ہوگا، پاکستان کو یقینی بنانا چاہیے کہ دہشت گرد اس کی سرزمین سےبھارت میں داخل نہ ہوسکیں۔

بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ بات چیت چاہتا تھا لیکن بدقسمتی سے گزشتہ ماہ دونوں ممالک کے قومی سلامتی میشروں کی مجوزہ ملاقات نہ ہوسکی لیکن اس کے باوجود بھارت پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے اور وہ یہ بات رسمی نہیں بلکہ تہہ دل سے کہہ رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران میجر جنرل عمر فاروق برکی نے بھارتی وزیر داخلہ کو ان کا پیغام پاکستان کی قیادت تک پہچانے کی یقین دہانی کرائی۔
Load Next Story