بھارتی اداکارہ دیویا دتہ نے پاکستانی فلموں میں کام کرنے کا گرین سگنل دیدیا

منفرد موضوع اورمضبوط کردارکی جب بھی پیشکش ہوئی توپہلی ترجیح پاکستانی فلم ہوگی، دیویا دتہ

پاکستانی ڈرامے کی بہت بڑی فین ہوں، جب بھی فارغ وقت ملتا ہے توڈرامہ دیکھتی ہوں، دیویا دتہ فوٹو : فائل

بھارتی فلموں میں منفردکردارنبھانے والی اداکارہ دیویا دتہ نے پاکستانی فلموں میں کام کرنے کا گرین سگنل دیدیا۔ منفرد موضوع اورمضبوط کردارکی جب بھی پیشکش ہوئی توپہلی ترجیح پاکستانی فلم ہوگی۔

اس حوالے سے دیویا نے ''ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ بھارت میں دکھائے جانے والے ٹی وی ڈراموں اورجدید ٹیکنالوجی سے بننے والی فلموں نے خاصا متاثرکیا ہے۔ پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے والے فنکاروںکی ایکٹنگ بہت جاندارہے جب کہ بیرون ممالک اس مرتبہ پاکستانی فلم دیکھنے کا موقع ملا جس سے اندازہ ہوا کہ اب پاکستان میں فلمسازی کا معیار بہتر ہو رہا ہے۔


اسی لیے اگرمجھے کوئی پاکستانی فلم آفرکی گئی تومیں ضرور کام کرونگی۔ انھوں نے کہا کہ بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار نصیر الدین شاہ بھی پاکستانی فلموں میں کام کرچکے ہیں ، اس لیے اب میں بھی یہاں کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں دیویادتہ نے کہا کہ میں صرف ہندی ہی نہیں بلکہ پنجابی اور دیگرزبانوں میں بننے والی فلموں میں اداکاری کرتی ہوں۔

جہاں تک بات پاکستانی اردو اور پنجابی فلم کی ہے تومیں آنجہانی یش چوپڑا کی فلم '' ویرزارا '' میں ایک ایسی لڑکی کا کردارنبھا چکی ہوں جس کا تعلق پاکستان سے ہوتا ہے اوراس موقع پرمیں نے جوزبان بولی ہے وہ پاکستان کے شہرراولپنڈی کی عکاسی کرتی ہے۔ اس لیے میرے لیے آواز اورانداز کوسمجھنا زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔ جہاں تک بات پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی ہے تووہ میرے لیے فی الحال ممکن نہیں ہے۔

میں بالی وڈ کے متعدد پروجیکٹس کے ساتھ ساتھ تھیٹرمیں بھی باقاعدگی سے کام کرتی ہوں، اس لیے پاکستانی ڈرامہ کے لیے وقت نکالنا میرے لیے ممکن نہیں ہوگا ۔ البتہ میں پاکستانی ڈرامے کی بہت بڑی فین ہوں، جب بھی فارغ وقت ملتا ہے توڈرامہ دیکھتی ہوں۔ ایک طرف توفنکاروں کی ایکٹنگ زبردست ہوتی ہے تودوسری جانب ان کے موضوع حقیقت سے بہت قریب ہوتے ہیں۔
Load Next Story