پاکستان اور بھارت کا سرحد پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات پر اتفاق

پنجاب رینجرز اور بی ایس ایف نے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا، ترجمان پنجاب رینجرز

پنجاب رینجرز اور بی ایس ایف نے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا، ترجمان پنجاب رینجرز، فوٹو: اے ایف پی/ فائل

پاکستان اور بھارت نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات پر اتفاق کیا ہے۔



سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پنجاب رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ رینجرز اور بھارتی سرحدی سیکیورٹی فورسز کے حکام کے درمیان 3 روزہ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور فریقین نے متعلقہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جب کہ اس دوران پنجاب رینجرز نے بی ایس ایف کے ہاتھوں رینجرز اہلکاروں کی شہادت کا معاملہ اٹھایا۔




ترجمان کے مطابق پاکستان اور بھارت نے سرحد پر امن بحال کرنے کے لیے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات پر اتفاق کیا جب کہ فریقین نے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ ترجمان پنجاب رینجرز کا کہنا تھا کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز کے سربراہ نے مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان کے مطابق فریقین نے اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے بھرپور سرحدی کنٹرول طریقہ کار وضع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔



واضح رہے کہ پنجاب رینجرز کے دورہ بھارت کے دوران رینجرز حکام نے بھارتی وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کی جس میں بھارتی وزیرداخلہ نے سرحد پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی میں پہل نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی۔

https://www.dailymotion.com/video/x36m9xt_pak-ranger-bsf_news
Load Next Story