دہشت گردوں کے خاتمے تک فوج واپس نہیں جائے گی سربراہ پاک فوج

قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کو ان علاقوں سے نکال دیا گیا ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف

دہشت گردوں کو واپس نہیں آنے دیں گے،سربراہ پاک فوج۔ فوٹو: فائل

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں قبائلیوں کی قربانیوں اور حمایت پر شکر گزار ہیں قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کو ان علاقوں سے نکال دیا گیا ہے جب کہ دہشت گردوں کو واپس آنے دیں گے اور نہ ہی دہشت گردی کے خاتمے تک فوج واپس جائے گی۔





پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا جب کہ یہ منصوبے آپریشن کے بعد فاٹا کے بحالی پروگرام کا حصہ ہیں۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے وانا کے لیے 132 کے وی گرڈ اسٹیشن، 54کلو میٹر ٹرانسمیشن لائن اور ٹانک ڈی آئی خان کےدرمیان 62کلومیٹرسڑک کا افتتاح کیا جو مقامی لوگوں کے مطالبے پر قائم کی گئی ہیں۔



ڈی جی آئی ایس پر آر نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ نے وانا میں قائم جدید کیڈٹ کالج کا افتتاح کیا جس میں 500 بچے تعلیم حاصل کریں گے جب کہ ان تمام منصوبوں سے علاقے میں خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،قبائلی عمائدین نے تمام وعدے پورے ہونے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔






ادھر مقامی عمائدین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ فاٹا کے عوام کی بحالی کے منصوبے ہر صورت مکمل کیے جائیں گے، ان منصوبوں سے فاٹا کے علاقوں میں خوشحالی آئے گی جو ہمارا بڑا مقصد ہے جب کہ ان منصوبوں سے یہاں کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، فاٹا کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ کالجز بھیجنے میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹانک ڈی آئی خان روڈ 750 کلومیٹر مرکزی اقتصادی راہداری کا حصہ ہو گی اور یہ سڑک اقتصادی راہداری کےحصے کے طور پرافغانستان سے جڑی ہوگی۔





پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں قبائلیوں کی قربانیوں اور حمایت پر شکر گزار ہیں، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کو ان علاقوں سے نکال دیا گیا ہے جب کہ آپریشن ضرب عضب آخری مراحل اور چیدہ چیدہ علاقوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ آبادکاری کے منصوبے پر بھرپور طریقے سے عمل ہوگا اور آئی ڈی پیز کی واپسی طےشدہ منصوبے کے تحت بہت بہترعلاقےمیں ہوگی جب کہ علاقے میں خوشحالی کے لیے قبائلی اپنا تعاون جاری رکھیں۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو واپس نہیں آنے دیں گے اور نہ ہی دہشت گردی کے خاتمے تک فوج واپس جائے گی۔

https://www.dailymotion.com/video/x373aox_gen-raheel-sharif-visit-south-waziristan_news
Load Next Story